Bharat Express

بی جے پی نے مین پوری سے ڈمپل یادو کے خلاف رگھوراج سنگھ شاکیا کو بنایا امیدوار، اسمبلی ضمنی انتخاب کی فہرست بھی کی جاری

بی جے پی نے مین پوری سے ڈمپل یادو کے خلاف رگھوراج سنگھ شاکیا کو بنایا امیدوار

نئی دہلی، 15 نومبر (بھارت ایکسپریس): بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتر پردیش کی مین پوری لوک سبھا سیٹ سے رگھوراج سنگھ شاکیا کو میدان میں اتارا ہے، جو سماج وادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے انتقال کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔  بی جے پی امیدوار رگھوراج سنگھ شاکیا سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو کی اہلیہ ڈمپل یادو کو چیلنج کریں گے۔

 واضح رہے کہ اتر پردیش کی مین پوری لوک سبھا سیٹ کو سماج وادی پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور شاید یہی وجہ ہے کہ اکھلیش یادو نے اپنے والد ملائم سنگھ یادو کی لوک سبھا سیٹ سےکسی اور کو امیدوارنہ بناکر، اپنی اہلیہ ڈمپل یادو کو ہی  امیدوار کے طور پر منتخب کیا۔

 مین پوری سے امیدوار کھڑے کرنے یا نہ کرنے کو لے کر بی جے پی کیمپ سے کئی طرح کی خبریں بھی آ رہی تھیں، لیکن آخر کار بی جے پی نے 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کی حکمت عملی کو ذہن میں رکھتے ہوئے مین پوری لوک سبھا الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا۔ مرکزی الیکشن کمیٹی نے مین پوری سے تجربہ کار لیڈر رگھوراج سنگھ شاکیا کو نامزد کیا ہے۔

 اس کے ساتھ ہی بی جے پی نے اتر پردیش، راجستھان، بہار اور چھتیس گڑھ میں ہونے والے آئندہ اسمبلی ضمنی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کے ناموں کا بھی اعلان کر دیا ہے۔ بی جے پی نے سماج وادی پارٹی کے بزرگ رہنما اعظم خان کے گڑھ رام پور اسمبلی حلقہ سے آکاش سکسینہ اور اتر پردیش کے کھتولی اسمبلی حلقہ سے راج کماری سینی کو امیدوار قرار دیا ہے۔

 منگل کو جاری کردہ امیدواروں کی فہرست میں، بی جے پی نے راجستھان کے سردارشہر اسمبلی حلقے سے اشوک کمار پنچا، بہار کے کرہانی اسمبلی حلقے سے کیدار پرساد گپتا اور چھتیس گڑھ کے بھانوپرتاپور اسمبلی حلقے سے برہمانند نیتم کو امیدوار قرار دیا ہے۔

Also Read