اعظم خان اور عبداللہ اعظم۔ (فائل فوٹو)
اتر پردیش کا ضلع رامپور ایک بار پھر سماج وادی پارٹی کے سینئر رہنما اعظم خاں کی وجہ سے خبروں میں ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ حکومت نے اچانک ضلع رامپور سے چھ سرکاری وکلاء کو اپنے پینل سے ہٹا دیا ہے۔
18 جون کو خط، 19 جون کو حکم، 20 جون کو معاملہ منظر عام پر آیا
اس کارروائی کی رفتار کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 18 جون کو محکمۂ انصاف کے خصوصی سکریٹری (تقرری) کی جانب سے ضلع مجسٹریٹ رامپور کو ان وکلاء کو ہٹانے کا خط بھیجا گیا، 19 جون کو دوپہر میں یہ خط موصول ہوا اور اسی رات ضلع مجسٹریٹ نے تمام وکلاء کو عہدوں سے سبکدوش کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔ 20 جون کو یہ حکم نامہ عوامی سطح پر سامنے آیا۔ برطرف کیے گئے وکلاء میں ضلع سرکاری فوجداری وکیل امیت کمار سکسینہ، نامزد دیوانی وکیل سندیپ سکسینہ، اسسٹنٹ ضلع سرکاری فوجداری وکیل پرمود ساگر، اوم پرکاش لودھی، پرتاپ سنگھ موریہ اور امیت کمار شامل ہیں۔ تمام وکلاء کو فوری اثر کے ساتھ ذمہ داریوں سے آزاد کر دیا گیا ہے۔
اعظم خاں، عبداللہ اعظم اور جوہر یونیورسٹی سے جڑے مقدمات پر نظر
انتظامی اور قانونی حلقوں میں اس اجتماعی برطرفی کو اعظم خاں اور ان کے خاندان سے وابستہ مقدمات سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہٹائے گئے کئی وکلاء عدالت میں ریاستی حکومت کی جانب سے اعظم خاں، ان کے بیٹے عبداللہ اعظم، اہلیہ تنزین فاطمہ اور جوہر یونیورسٹی اراضی قبضہ معاملے سمیت مختلف مقدمات کی پیروی کر رہے تھے۔ اعظم خاں اور ان کے اہل خانہ کے خلاف مختلف نوعیت کے 150 سے زائد مقدمات درج ہیں۔ ان میں مبینہ فرضی پیدائشی سرٹیفکیٹ، دشمن جائیداد، نفرت انگیز تقریر، زمین پر قبضہ، ڈکیتی اور چوری جیسے فوجداری و دیوانی مقدمات شامل ہیں۔ ان مقدمات میں ریاست کی نمائندگی کرنے والے سرکاری وکلاء کا کردار انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے اور ان کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ بھی لیا جاتا ہے۔
عدالتی ریلیف کے بعد حکومتی ناراضی کی قیاس آرائیاں، نئے پینل کی تیاری
سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ حالیہ عرصے میں اعظم خاں کو کئی مقدمات میں عدالتوں سے ریلیف ملا ہے۔ بعض معاملات میں ضمانت منظور ہوئی جبکہ ایک مقدمے میں سزا بھی کالعدم قرار دی جا چکی ہے۔ اسی وجہ سے یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ حکومت حساس مقدمات میں زیادہ مؤثر پیروی کے لیے نیا قانونی پینل تشکیل دینا چاہتی ہے۔قانونی ماہرین کے مطابق چھ وکلاء کی اجتماعی برطرفی کے بعد حکومت جلد ہی رامپور میں نئے سرکاری وکلاء کی تقرری کر سکتی ہے۔ اس فیصلے نے سیاسی اور قانونی حلقوں میں بحث چھیڑ دی ہے اور اب سب کی نظریں حکومت کے اگلے قدم پر مرکوز ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



