سابق مرکزی وزیر طارق انور نے دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں کے ایم خان میموریل لیکچر سے خطاب کرتے ہوئے۔
نئی دہلی: کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اورسابق مرکزی وزیر طارق انورنے دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں کے ایم خان (سابق رکن پارلیمنٹ ) میموریل لیکچرسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی لوگ کانگریس پارٹی پرسوال کھڑا کرتے ہیں، وہ بھارت اورکانگریس دونوں کی تاریخ سے ناواقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ملک کیلئے بھی قربانی دی اورآزادی کے بعد بھی کانگریس کے لوگوں نے ملک کو ایک رکھنے کیلئے قربانی دی۔ راہل گاندھی نے جو جدوجہد کی ہے، اس کی بنیاد پرلوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے گاندھی تو نہیں لیکن راہل گاندھی کو ضرور دیکھا ہے۔
بھارت اور کانگریس کی تاریخ کو پڑھیں مخالفین: طارق انور
کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ کانگریس کی تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے اوراس پرکسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اورکانگریس دونوں کی تاریخ کو لوگوں کو پڑھنا چاہئے۔ طارق انور نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آج کے ایم خان کو یاد کیا جارہا ہے، جنہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے بڑا کام کیا ہے۔ اس موقع پراتراکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ ہریش راوت نے بیڑی و دیگرملازمین کیلئے کے ایم خان کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی کے ایسے سپاہی تھے، جن کی گرفت زمین پرتھی اور ہمیں خوشی ہے کہ ان کے فرزند اے ایم خان بھی انہیں کے راستے پرچل رہے ہیں، جن کے والد نے بھارت اورعرب کے رشتوں میں کافی مضبوطی لانے کا کام کیا۔
ہمیں اپنے اجداد کی قربانیوں کو یاد کرنا چاہئے: آنند بھاسکر
واضح رہے کہ پروگرام کا مشترکہ انعقاد اے ایم خان اورآل انڈیا قومی تنظیم دہلی کے ورکنگ صدرعقیل سمیع سلمانی نے کیا تھا۔ نظامت کے فرائض نوجوان صحافی محمد احمد نے انجام دیئے۔ سابق رکن پارلیمنٹ آنند بھاسکر نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم اپنے اجداد کی قربانیوں کو یاد کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج جھوٹ پروسا جا رہا ہے، جبکہ کے ایم خان کی پوری کوشش ہی جھوٹ اورفریب کے خلاف تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم سبھی طبقات کیلئے کام کریں اوراگرکسی کے ساتھ نا انصافی ہوئی ہے تواس کا زیادہ خیال رکھیں۔
کے ایم خان کے ذریعہ مزدوروں کے لئے کئے گئے جدوجہد کو یاد کیا گیا
پروگرام کے صدروی ہنومنت راؤسابق رکن پارلیمنٹ آندھراپردیش نے اپنے بیان میں کے ایم خان کے ذریعہ مزدوروں، ایف سی آئی اورریلوے ملازمین کیلئے ان کی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ ہم ان کے بتائے ہوئے راستہ پرچلیں۔ انہوں نے راہل گاندھی کی محبت کی دوکان کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اس کا آج بہت شانداراثردیکھنے کو مل رہا ہے اورلوگ اس کی ستائش بھی کافی کررہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نفرت ہارے گی اورمحبت کی جیت ہوگی۔ پروگرام سے مشترکہ طورپراے ایم خان، ارشد شیخ، عقیل سلمانی، حاجی قمرالدین، قومی سکریٹری آل انڈیا قومی تنظیم، شاہد صدیقی، ارسان علی گڑھ، ساجد ایڈوکیٹ بھوپال، حاجی رئیس سلمانی، محبوب سلمانی، پپو پردھان سمیت متعدد لوگوں نے خطاب کیا، جبکہ کشتی کھلاڑی رضیہ بانوسمیت سینکڑوں کی تعداد میں لوگ موجود تھے۔
بھارت ایکسپریس۔