Bharat Express DD Free Dish

Bihar Assembly Election 2025: ’’دس ہزار لو…لیکن ووٹ سوچ سمجھ کر دو…‘‘، بہار کی خواتین سے پرینکا گاندھی کی اپیل

وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار پر طنز کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ انہوں نے 20 سال تک بہار پر حکومت کی ہے، اور اب کہتے ہیں کہ ڈیڑھ کروڑ نوکریاں دیں گے۔ گزشتہ 20 برسوں میں انہوں نے ایسا کیوں نہیں کیا؟ کیا انہیں لگتا ہے کہ عوام بے وقوف ہیں؟

کانگریس کی رکنِ پارلیمان پرینکا گاندھی واڈرا۔

پٹنہ: کانگریس کی رکنِ پارلیمان پرینکا گاندھی واڈرا نے ہفتہ کے روز وزیرِ اعظم نریندر مودی اور بہار کی این ڈی اے حکومت پر زبانی حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انتخابات کے دوران ووٹروں کو متاثر کرنے کے لیے دس ہزار روپے بانٹے جا رہے ہیں۔

اپنا ووٹ بہت سوچ سمجھ کر ڈالیں: پرینکا

بیگوسرائے کے بچھواڑہ اسمبلی حلقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا، ’’انتخابات سے پہلے برسر اقتدار جماعتوں نے کچھ نہیں دیا، اور اب وہ دس ہزار روپے دے رہے ہیں۔ اس کا مطلب کیا ہے؟ انہیں اب آپ کی ضرورت ہے، اسی لیے وہ پیسے بانٹ رہے ہیں۔ اگر وہ پیسے دیں تو لے لیجیے، لیکن اپنا ووٹ بہت سوچ سمجھ کر ڈالیں۔ انہیں اپنا ووٹ خریدنے نہ دیں۔‘‘

پرینکا گاندھی نے کہا کہ وہ بھی وعدے کر رہی ہیں، اور اگر کانگریس انہیں پورا نہ کرے تو لوگوں کو کانگریس ہٹا دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بہار وہ سرزمین ہے جہاں سے مہاتما گاندھی نے آزادی کی لڑائی شروع کی تھی، مگر سوال یہ ہے کہ اتنی تاریخی سرزمین ہونے کے باوجود یہ ریاست ترقی کیوں نہیں کر پائی؟

انہوں نے پوچھا کہ اس زمین نے ملک کو اتنا کچھ دیا ہے، پھر اقتدار میں بیٹھے لیڈران نے اس ریاست کو ٹھیک سے کیوں ترقی نہیں دی؟ پرینکا گاندھی نے کہا کہ آئین سب کو برابری، آزادی اور ووٹ دینے کا حق دیتا ہے، لیکن مودی حکومت نے ان حقوق کو کمزور کر دیا ہے۔

 SIR کے دوران ہٹا دیے گئے65 لاکھ ووٹ

انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت ذات اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کی سیاست کر رہی ہے اور غیر ضروری مسائل اٹھا کر عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹا رہی ہے۔ پرینکا نے یہ بھی کہا کہ اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے دوران 65 لاکھ ووٹ ہٹا دیے گئے، اور دعویٰ کیا کہ ’’اگر آپ کا ووٹ کٹ جاتا ہے تو آپ کے حقوق بھی کاٹ جاتے ہیں۔‘‘

بی جے پی نے ہر چیز پر لگا دیا ہے ٹیکس

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم مودی، وزیرِ داخلہ امت شاہ سمیت بی جے پی کے بڑے لیڈران بہار میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں، مگر مہنگائی، بے روزگاری اور نقل مکانی جیسے مسائل پر کوئی بات نہیں کرتے۔ نوکریاں نہیں مل رہی ہیں اور نقل مکانی کے باعث خاندان بکھر رہے ہیں۔ کیرالہ سے کشمیر تک، میں نے بہار کے لوگوں کو ہر جگہ کام کرتے دیکھا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے ہر چیز پر ٹیکس لگا دیا ہے، قومی اثاثے نجی ہاتھوں میں دے دیے ہیں، اور ٹھیکہ پر مبنی روزگار کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

سی ایم نتیش کمار پر پرینکا گاندھی کا طنز

وزیرِ اعلیٰ نتیش کمار پر طنز کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے 20 سال تک بہار پر حکومت کی ہے، اور اب کہتے ہیں کہ ڈیڑھ کروڑ نوکریاں دیں گے۔ گزشتہ 20 برسوں میں انہوں نے ایسا کیوں نہیں کیا؟ کیا انہیں لگتا ہے کہ عوام بے وقوف ہیں؟ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے نے مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمے کے وعدے کیے، مگر بڑی کمپنیوں کو اپنے سرمایہ دار دوستوں کے حوالے کر دیا اور عام عوام کو کچھ نہیں دیا۔

پرینکا گاندھی نے بی جے پی کے ’ڈبل اِنجن‘ کے نعرے پر بھی تنقید کی اور مودی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ تمام فیصلے دہلی سے مرکزی طور پر لیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کہتے ہیں کہ وہ ڈبل انجن والی حکومت چلاتے ہیں۔ میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ ان کے پاس ڈبل انجن نہیں ہے، ان کے پاس ایک ہی انجن ہے جو دہلی سے چلتا ہے۔‘‘

انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد بی جے پی نے ذات پر مبنی مردم شماری پر اپنا موقف بدل لیا۔ پرینکا نے کہا کہ بی جے پی کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات میں توقع کے مطابق نتائج نہیں ملے، تب انہیں احساس ہوا کہ سماجی توازن بدل رہا ہے۔ اسی لیے انہوں نے ذات پر مبنی مردم شماری پر بات شروع کی۔ لیکن بعد میں عدالت چلے گئے اور اسے کنارے کر دیا۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read