سماجوادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ روچی ویرا
اتر پردیش کے مرادآباد سے سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ روچی ویرا نے جئے فلسطین اور کانوڑ یاترا کے سوال پر اے آئی ایم آئی ایم کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی اور نگینہ کے رکن پارلیمنٹ چندر شیکھر آزاد کے بیان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کہا ہے۔ پارلیمنٹ میں جئے ہندو راشٹر کہنے والوں کی بھی مخالفت کی جانی چاہئے۔ فلسطین تو ظلم وتشدد کا شکار ہے۔ پوری دنیا اس کے ساتھ ہے۔ سب جانتے ہیں کہ ان کے خلاف جرائم ہو رہے ہیں۔
کانوڑ یاترا پر انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر آزاد نے جو کہا وہ صحیح ہے، ہر ایک کے عقیدے کا احترام کیا جانا چاہئے۔ جب کانوڑ کے دوران مسلمان بھائی اپنے ہوٹل ایک ماہ کے لیے بند کر سکتے ہیں۔ سڑک بند ہو سکتی ہے تو عید پر آدھا گھنٹہ سڑک کیوں بند نہیں کر سکتے۔ انصاف سب کے لیے ہونا چاہیے لیکن یوگی حکومت آمرانہ رویہ اپنا رہی ہے۔ یہ ملک ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی سب کا ہے۔ یہ کسی ایک مذہب کا ملک نہیں ہے۔ ہم سب ایک دوسرے سے محبت کرتے رہے ہیں۔ ہمیں تمام مذاہب کا احترام کرنا چاہیے۔ ہر کسی کو اپنے مذہب کے تہوار منانے کی آزادی ہونی چاہیے۔
’ہزاروں غریبوں کو بے گھر نہیں ہونے دیں گے‘
سماجودای پارٹی کی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ مرادآباد میں ندی سے تجاوزات ہٹانے کے نام پر ہزاروں غریبوں کو بے گھر نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ہم اس کے لیے لڑیں گے۔ پارلیمنٹ میں کوئی مسئلہ اٹھانا ہو یا کسی عہدیدار سے ملنا ہو میں پیچھے نہیں ہٹوں گی۔ سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ نے ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو کے یوم پیدائش پر مرادآباد میں کیک کاٹا اور اکھلیش یادو کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں سیاست میں ان کا آشیرواد ملتا رہنا چاہیے۔
بھارت ایکسپریس۔