عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی عبدالرحمان کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں۔
نئی دہلی: اسمبلی الیکشن کی تیاریوں کے درمیان کانگریس نے عام آدمی پارٹی کو بڑا جھٹکا دیا ہے۔ سیلم پورسے رکن اسمبلی عبدالرحمان نے عام آدمی پارٹی سے استعفیٰ دینے کے بعد کانگریس میں شمولیت اختیارکرلی ہے۔ انہوں نے ریاستی صدردیویندریادو اور دہلی کے انچارج قاضی نظام الدین کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیارکی۔ بتایا جاتا ہے کہ عام آدمی پارٹی نے عبدالرحمان کا ٹکٹ کاٹ دیا تھا اوران کی جگہ پر کانگریس کے سینئرلیڈررہے چودھری متین احمد کے بیٹے چودھری زبیراحمد کو امیدواربنانے کا اعلان کردیا تھا۔ چودھری متین احمد سیلم پور سے 5 بار رکن اسمبلی رہے ہیں، لیکن گزشتہ دو الیکشن میں وہ عام آدمی پارٹی سے حاجی محمد اشراق خان اور موجودہ رکن اسمبلی عبدالرحمان نے انہیں ہرایا تھا۔
سیلم پورکے رکن اسمبلی عبدالرحمان نے عام آدمی پارٹی سے استعفیٰ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی نے اقتدارکی سیاست میں الجھ کرمسلسل مسلمانوں کے حقوق کونظراندازکیا ہے۔ اس سے پہلے سیلم پورسے سابق رکن حاجی اشراق خان بھی پارٹی سے استعفیٰ دے کرکانگریس میں شامل ہوچکے ہیں۔ حاجی اشراق خان کا ٹکٹ کاٹ کرہی عام آدمی پارٹی نے عبدالرحمان کوٹکٹ دیا تھا، لیکن چودھری زبیراحمد کے پارٹی میں شامل ہونے کے بعد عبدالرحمان کا بھی ٹکٹ کاٹ دیا گیا۔
عام آدمی پارٹی پرلگایا مسلمانوں کو نظرانداز کرنے کا الزام
عام آدمی پارٹی نے جب پہلی فہرست جاری کی تھی، تو اس میں سیلم پورسے رکن اسمبلی عبدالرحمان کا ٹکٹ کاٹ دیا گیا تھا۔ ان کی جگہ کانگریس کے سینئرلیڈررہے چودھری متین احمد کے بیٹے چودھری زبیراحمد کوامیدواربنایا تھا۔ اس کے 24 گھنٹے بعد ہی عبدالرحمان نے پارٹی پرالزام لگاتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے اقلیتی شعبہ کے صدر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ طویل خاموشی کے بعد اب انہوں نے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اوراس کا آج باضابطہ اعلان بھی کردیا ہے۔ سیلم پورکے رکن اسمبلی عبدالرحمان نے پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی اقتدارکی سیاست میں الجھی ہوئی ہے۔ اس وجہ سے پارٹی نے مسلمانوں کے حقوق کو نظراندازکیا۔ انہوں نے پارٹی کنوینراروند کیجریوال پربھی حملہ بولا۔ عبدالرحمان نے لکھا کہ اروند کیجریوال نے ہمیشہ عوام کے موضوعات سے بھاگ کراپنی سیاست کی۔ اس لئے پارٹی چھوڑ رہا ہوں، لیکن انصاف اورحق کی لڑائی لڑتا رہوں گا۔
ایک ماہ سے ناراض چل رہے تھے عبدالرحمان
سیلم پورسے رکن اسمبلی گزشتہ ایک ماہ سے پارٹی سے ناراض چل رہے تھے۔ اس کی شروعات اس دن سے ہوئی تھی، جس دن چودھری زبیراحمد نے عام آدمی پارٹی کی رکنیت حاصل کی تھی۔ اس کے بعد سے ہی یہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ عبدالرحمان عام آدمی پارٹی کو چھوڑکرکانگریس میں جاسکتے ہیں۔ دراصل، 29 اکتوبرکوعبدالرحمان نے عام آدمی پارٹی کے مائنارٹی سیل کے صدرعہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کا کنکشن چودھری زبیراحمد کے پارٹی میں شامل ہونے سے ہی تھا۔ اس کے بعد عبدالرحمان نے سوشل میڈیا پرپوسٹ بھی لکھا تھا کہ نظریات میں بڑھتے فاصلوں کودیکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔