نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے روز دہلی ہائی کورٹ کے اُس فیصلے پر اسٹے لگا دیا جس کے تحت سال 2017 کے اناؤ ریپ کیس کے مجرم کلدیپ سینگر کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے اسے ضمانت دی گئی تھی۔ چیف جسٹس آف انڈیا سوریہ کانت کی سربراہی میں تین رکنی تعطیلاتی بنچ نے سی بی آئی کی اس عرضی پر سماعت کی جس میں دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔
سپریم کورٹ کا دوٹوک حکم: سنگر جیل سے رہا نہیں ہوگا
سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کے حکم کو معطل کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش کا سابق رکن اسمبلی کلدیپ سینگر جیل سے رہا نہیں کیا جائے گا، کیونکہ وہ ایک اور مقدمے میں پہلے ہی سزا کاٹ رہا ہے۔ عدالت نے کہا: ’’ہمیں اطلاع دی گئی ہے کہ ملزم کو تعزیرات ہند کی دفعہ 304 (قتل) کے تحت بھی سزا سنائی جا چکی ہے اور وہ اس مقدمے میں تاحال حراست میں ہے۔ کیس کے ان غیر معمولی حالات کو دیکھتے ہوئے ہم ہائی کورٹ کے متنازع حکم پر روک لگاتے ہیں۔ جواب دہندہ (کلدیپ سینگر) کو رہا نہیں کیا جائے گا۔‘‘
سینگر کو نوٹس، دو ہفتے میں جواب طلب
چیف جسٹس سوریہ کانت، جسٹس جے کے مہیشوری اور جسٹس اے جی مسیح پر مشتمل بنچ نے کلدیپ سینگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے دو ہفتوں کے اندر سی بی آئی کی عرضی پر جواب داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
متاثرہ فریق کے وکیل کا ردعمل
متاثرہ فریق کے وکیل ہیمنت کمار موریہ نے کہا: ’’میں آج سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ متاثرہ بھی عدالت کا شکریہ ادا کرتی ہے۔ سپریم کورٹ نے نچلی عدالتوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ ملزم کسی بھی صورت میں جیل سے باہر نہیں آئے گا۔ جب تک جواب داخل نہیں کیا جاتا، تب تک اسے رہا نہیں کیا جا سکتا۔ ہائی کورٹ کے حکم پر مکمل روک لگا دی گئی ہے۔‘‘
خواتین کارکنوں کا بیان
کانگریس رہنما اور خواتین کارکن ممتاز پٹیل نے کہا: ’’اب ہمیں امید ہے کہ اناؤ کی متاثرہ کو انصاف ملے گا۔ کلدیپ سینگر کو سزائے موت دی جانی چاہیے۔ ایک نیا قانون آنا چاہیے جس میں ریپ کے مجرموں کو سزائے موت دی جائے۔‘‘
کیس کا پس منظر
دہلی ہائی کورٹ نے 23 دسمبر کو اپیل کے التوا میں کلدیپ سینگر کی عمر قید کی سزا معطل کرتے ہوئے ضمانت منظور کی تھی۔ برطرف بی جے پی رہنما کلدیپ سینگر کو دسمبر 2019 میں اناؤ ریپ کیس میں قصوروار قرار دیتے ہوئے عمر قید اور 25 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی تھی۔ اگرچہ اس کیس میں اسے ضمانت دی گئی تھی، تاہم وہ جیل میں ہی رہا کیونکہ وہ سی بی آئی کے ایک اور قتل سے متعلق مقدمے میں 10 سال کی سزا کاٹ رہا ہے۔
متاثرہ کو سپریم کورٹ سے انصاف کی امید
اتوار کے روز متاثرہ نے کہا تھا کہ اسے سپریم کورٹ سے انصاف ملنے کا پورا بھروسہ ہے۔ اس نے اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سے اپیل کی کہ اسے مکمل تحفظ فراہم کیا جائے تاکہ وہ بغیر خوف کے اپنی قانونی لڑائی جاری رکھ سکے۔ آل انڈیا پروگریسیو ویمنز ایسوسی ایشن (AIPWA) کے زیر اہتمام دہلی میں منعقدہ احتجاج کے دوران متاثرہ نے الزام لگایا کہ کلدیپ سینگر نے سی بی آئی کے تفتیشی افسر اور دہلی ہائی کورٹ کے ایک جج کو رشوت دی ہے اور ضمانت کے بعد اس کے خاندان کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


