دہلی-این سی آر میں بارش بنی آفت
نئی دہلی: قومی راجدھانی دہلی میں بدھ کی شام ہوئی موسلادھار بارش سے لوگوں کا حال بے حال ہو گیا۔ دہلی میں کئی مقامات پر پانی جمع ہونے کا مسئلہ دیکھا گیا۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
اس دوران دہلی-این سی آر میں پانی بھرنے کی پریشانی کے بعد لوگوں نے دہلی پولیس کو فون کیا اور مدد مانگی۔ ذرائع کے مطابق بدھ کی دیر شام سے جمعرات کی صبح تک ٹریفک جام کے مسئلہ کو لے کر دہلی پولیس کو 2,945 کالیں کی گئیں۔
جانکاری کے مطابق دہلی پولیس کو بدھ کی شام اور جمعرات کی صبح کے درمیان پانی بھرنے سے متعلق 127 کال موصول ہوئیں۔ اس کے علاوہ 27 کالیں مکان گرنے کے واقعات سے متعلق تھیں۔ جبکہ درخت گرنے کے واقعات کی 50 کالیں کی گئیں۔
دہلی کے مختلف علاقوں میں شدید بارش کی وجہ سے جان و مال کا نقصان بھی ہوا ہے۔ شاستری پارک میں دو افراد اور ڈیفنس کالونی میں ایک شخص زخمی ہوا۔ جبکہ سبزی منڈی میں ایک شخص دم توڑ گیا۔
دہلی اور این سی آر میں موسلادھار بارش کی وجہ سے دس لوگوں کی موت ہو گئی اور دو زخمی ہو گئے۔ جس میں مکان گرنے سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ وہیں دہلی کے کھوڑا علاقے میں گٹر میں گر کر ماں بیٹی کی موت ہو گئی۔
دہلی سے متصل گروگرام، گوتم بدھ نگر، فرید آباد اور غازی آباد میں بھی ایسی ہی صورتحال ہے۔ گروگرام میں کرنٹ لگنے سے تین لوگوں کی جان چلی گئی۔ فرید آباد میں ڈوبنے سے ایک کی موت ہوگئی۔ اتر پردیش کے گوتم بدھ نگر میں شدید بارش کی وجہ سے دیوار گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی۔ جبکہ غازی آباد میں دکان کا سائن بورڈ گرنے سے ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
وہیں، محکمہ موسمیات نے دہلی-این سی آر میں بھاری بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 6 اگست تک بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق دہلی-این سی آر میں 6 اگست تک زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری اور کم سے کم 25 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔
بھارت ایکسپریس۔