Bharat Express DD Free Dish

Gen Naravane Memoir: جنرل نرونے کی کتاب لے کر پارلیمنٹ پہنچے راہل گاندھی، کہا- وزیراعظم مودی آئے تو انہیں تحفہ پیش کروں گا

راہل گاندھی نے بدھ کے روز مرکز کی مودی حکومت پر قومی سلامتی جیسے سنگین معاملے پر جانچ سے بچنے کا الزام عائد کیا۔ اپوزیشن کی جانب سے 2020 میں مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ سرحدی تصادم کے مخصوص حوالے کو شامل کرنے پر زور دینے کے بعد ایوان میں شدید ہنگامہ ہوا، جس کے نتیجے میں کارروائی بار بار معطل کرنا پڑی۔

نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بدھ کے روز مرکز کی مودی حکومت پر قومی سلامتی جیسے سنگین معاملے پر جانچ سے بچنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں سابق آرمی چیف جنرل ایم ایم نرونے کی یادداشت (میموائر) کا حوالہ دینے پر انہیں بار بار بولنے سے روکا گیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی کو ایک کتاب پیش کریں گے جس میں 2020 کے چین سرحدی بحران کے دوران حکومت کے طرزعمل سے پردہ اٹھایا گیا ہے۔

راہل گاندھی کا ایکس پر پوسٹ

راہل گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا: ’’اگر آج وزیراعظم پارلیمنٹ آتے ہیں تو میں انہیں ایک کتاب پیش کروں گا۔ یہ کتاب نہ کسی اپوزیشن لیڈر کی ہے، نہ کسی غیر ملکی مصنف کی۔ یہ کتاب ملک کے سابق آرمی چیف جنرل نرونے کی ہے اور حیرت کی بات یہ ہے کہ کابینہ وزراء کے مطابق یہ کتاب وجود ہی نہیں رکھتی۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا: ’’یہ کتاب واضح طور پر بتاتی ہے کہ جب چینی فوج ہماری سرحد میں داخل ہو چکی تھی، اس نازک وقت میں آرمی چیف کو انتظار کروایا گیا اور جب فیصلہ لینے کا وقت آیا تو وزیراعظم نے صرف یہ کہا: ’جو آپ مناسب سمجھیں، وہ کریں۔‘ یعنی ملک کی سلامتی کے سب سے بڑے بحران میں مودی جی نے اپنی سیاسی ذمہ داری سے ہاتھ اٹھا لیے۔ جنرل نرونے خود لکھتے ہیں کہ اس وقت انہیں محسوس ہوا کہ سیاسی قیادت نے فوج کو تنہا چھوڑ دیا۔ یہی وہ سچ ہے جسے کہنے پر مجھے پارلیمنٹ میں روکا جا رہا ہے۔ ملک سوال کر رہا ہے اور حکومت جواب دینے سے بھاگ رہی ہے۔‘‘

لوک سبھا میں ہنگامہ، ایوان 2 بجے تک ملتوی

راہل گاندھی کے بیان اور اپوزیشن کے شدید نعرے بازی کے بعد لوک سبھا کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ یہ ہنگامہ منگل کے روز بجٹ اجلاس کے دوران آٹھ ارکان پارلیمنٹ کی معطلی کے خلاف اپوزیشن کے احتجاج کے سبب ہوا۔ ان ارکان کو ایوان میں ہنگامہ آرائی اور اسپیکر کی کرسی کی جانب کاغذات پھینکنے کے الزام میں بجٹ اجلاس کے بقیہ سیشن کے لیے معطل کیا گیا ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے 2020 میں مشرقی لداخ میں چین کے ساتھ سرحدی تصادم کے مخصوص حوالے کو شامل کرنے پر زور دینے کے بعد ایوان میں شدید ہنگامہ ہوا، جس کے نتیجے میں کارروائی بار بار معطل کرنا پڑی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read