نئی دہلی: لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے لوگوں کے درمیان مکر سنکرانتی منائی۔ وہ منگل کی دوپہر دہلی کے رٹھالہ اسمبلی حلقہ پہنچے اور یہاں سنکرانتی کی دعوت میں شرکت کی۔ یہاں انہوں نے خواتین اور بچوں کے ساتھ دہی اور چوڑے کی پلیٹ کا لطف اٹھایا اور پوروانچل کے لوگوں سے بات چیت کی۔ راہل نے 13 جنوری کو سیلم پور میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے دہلی انتخابات کے لیے کانگریس کی مہم کا آغاز کیا۔
رٹھالہ میں بی جے پی نے کلونت رانا کو، عام آدمی پارٹی نے مہندر گوئل کو اور کانگریس نے سوشانت مشرا کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ واضح رہے کہ رٹھالہ میں پوروانچل سے ووٹروں کی تعداد تقریباً 22 فیصد ہے، جو کہ 70 میں سے 27 اسمبلی سیٹوں پر بہت اثر انداز ہے۔ اس لیے تمام پارٹیوں کی نظریں پوروانچل ووٹ بینک پر لگی ہوئی ہیں۔ عام آدمی پارٹی، بی جے پی اور کانگریس پوروانچل کے ووٹروں کو راغب کرنے کے لیے مختلف طریقے اپنا رہے ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ دہلی میں 5 فروری کو ووٹنگ ہوگی اور نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے رٹھالہ میں دہی چوڑا دعوت کے دوران دہلی کی کچی آبادیوں میں رہنے والے لوگوں کے مسائل پر بات کی۔ اس علاقے میں پوروانچل کے لوگ بڑی تعداد میں رہتے ہیں۔ رٹھالہ سے کانگریس کے امیدوار سوشانت مشرا بھی پوروانچل سے ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے راہل گاندھی نے دہلی کے سیلم پور میں ‘جئے باپو، جئے بھیم، جئے سمویدھان’ جلسہ عام سے خطاب کیا۔ اپنی تقریر میں انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال کو نشانہ بنایا۔
#WATCH | Delhi: Lok Sabha LoP and Congress MP Rahul Gandhi meets and interacts with locals in Rithala.#DelhiAssemblyElection pic.twitter.com/mENi9Fir2S
— ANI (@ANI) January 14, 2025
راہل گاندھی نے اروند کیجریوال اور پی ایم مودی پر دہلی اور ملک کے لوگوں سے جھوٹے وعدے کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا، ‘نریندر مودی نے کہا تھا کہ وہ مہنگائی کم کریں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ مہنگائی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ غریب لوگ غریب تر ہوتے جارہے ہیں۔ امیر لوگ امیر تر ہوتے جا رہے ہیں۔ اروند کیجریوال نے وعدہ کیا تھا کہ وہ دہلی کو صاف کریں گے، بدعنوانی کا خاتمہ کریں گے اور اسے پیرس جیسا بنائیں گے۔ اب صورتحال ایسی ہے کہ خوفناک آلودگی ہے۔ لوگ بیمار رہتے ہیں۔ وہ اپنے گھروں سے باہر نہیں نکل پا رہے ہیں۔ جس طرح پی ایم مودی جھوٹے وعدے کرتے ہیں اسی طرح کیجریوال بھی جھوٹے وعدے کرتے ہیں۔ ان دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔
بھارت ایکسپریس۔