میلبورن: وزیراعظم نریندر مودی اپنے تین روزہ سرکاری دورے پر بدھ کے روز آسٹریلیا پہنچے، جہاں بھارتی برادری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ استقبال کے موقع پر بھارتی نژاد افراد نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام پیش کیے، جبکہ آسٹریلین انڈین آرکسٹرا نے ’’وندے ماترم‘‘ کی دھن پیش کرکے وزیراعظم کا خیر مقدم کیا۔ اس دوران شرکاء نے ’’وندے ماترم‘‘، ’’بھارت ماتا کی جے‘‘ اور ’’مودی، مودی‘‘ کے نعرے بھی لگائے۔
بھارتی برادری نے دوطرفہ تعلقات کے مزید فروغ کی امید ظاہر کی
دورے سے قبل آسٹریلیا میں مقیم بھارتی برادری کے افراد نے وزیراعظم مودی کے دورے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے اہم قرار دیا۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے لکی سنگھ نے کہا کہ بھارت اور آسٹریلیا کے تعلقات گزشتہ برسوں میں کافی مضبوط ہوئے ہیں اور وزیرِ اعظم مودی کا دورہ انہیں مزید مستحکم کرے گا۔ ان کے مطابق بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بے حد اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو یورینیم کی ضرورت ہے، جس کی فراہمی آسٹریلیا سے ہو سکتی ہے، جبکہ آسٹریلیا کو بھارت کے آئی ٹی شعبے کے ماہرین کی ضرورت ہے، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط میں مزید توسیع کی توقع ہے۔ میلبورن میں گزشتہ تقریباً 17 برس سے مقیم سمرجیت سنگھ نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیزی کی ہر ملاقات دونوں ممالک اور دونوں ملکوں کی عوام کے لیے نئی پیش رفت کا باعث بنتی ہے۔ ان کے مطابق اس بار بھی اہم معاہدوں اور مثبت نتائج کی امید کی جا رہی ہے۔
تجارت، دفاع اور تعلیم سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر توجہ
آسٹریلیا-انڈیا بزنس کونسل کے وکٹوریہ کے خزانچی پرکاش گپتا نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم تقریباً 14 ارب ڈالر سے بڑھ کر 55 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے، جبکہ 2030 تک اسے 100 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اپنے تین ملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں آسٹریلیا پہنچے ہیں۔ اس دوران وہ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیزی سے دوطرفہ مذاکرات کریں گے اور بھارتی برادری سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم مودی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا کہ یہ دورہ بھارت-آسٹریلیا جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی توانائی فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان دفاع، سلامتی، تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، نقل و حرکت، ابھرتی ہوئی اور اہم ٹیکنالوجیز، کھیل اور کھیلوں کی سائنس سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال ہوگا۔ بھارت میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر فلپ گرین نے بھی میلبورن سے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ شہر وزیرِ اعظم مودی کے استقبال کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، فنونِ لطیفہ اور ثقافتی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات روشن ہیں۔ وزیراعظم مودی اس سے قبل انڈونیشیا کا دورہ مکمل کر چکے ہیں، جبکہ آسٹریلیا کے بعد وہ اپنے تین ملکی دورے کے آخری مرحلے میں نیوزی لینڈ جائیں گے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

