Bharat Express DD Free Dish

PM Modi mourns Sambhal accident: وزیر اعظم مودی نے سنبھل میں ہوئے ہولناک حادثے پر کیا اظہارِ افسوس، متاثرین کے لیے مالی مدد کا کیا اعلان

یہ افسوسناک واقعہ جمعہ کی شام اتر پردیش کے سنبھل ضلع کے جونوائی تھانے کے علاقے میں پیش آیا، جب تیز رفتاری سے چلائی جا رہی بولیرو گاڑی کے ڈرائیور نے گاڑی پر کنٹرول کھو دیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو اتر پردیش کے سنبھل ضلع میں جمعہ کو پیش آنے والے المناک سڑک حادثے پر دکھ کا اظہار کیا جس میں دولہا سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ وزیر اعظم نے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ وزیر اعظم کے دفتر نے وزیر اعظم کے حوالے سے ایک پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’اتر پردیش کے سنبھل میں ہونے والے حادثے میں جانوں کے ضیاع پر گہرا دکھ ہوا ہے۔ حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے تئیں تعزیت۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا ہے۔ PMNRF کی طرف سے 2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا مرنے والوں کے لواحقین کو دی جائے گی۔ زخمیوں کو 50 ہزار کی مدد دی جائے گی۔‘‘

سنبھل میں ہوئے حادثے میں شادی کا گھر ہوا ناشاد

واضح رہے کہ یہ افسوسناک واقعہ جمعہ کی شام اتر پردیش کے سنبھل ضلع کے جونوائی تھانے کے علاقے میں پیش آیا۔ تیز رفتاری سے چلائی جا رہی بولیرو گاڑی کے ڈرائیور نے گاڑی پر اپنا کنٹرول کھو دیا اور گاڑی جونوائی گاؤں میں جنتا انٹر کالج کی دیوار سے جا ٹکرائی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ گاڑی الٹ گئی جس سے دولہا سمیت پانچ افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کے بعد پانچ شدید زخمی مسافروں کو علاج کے لیے علی گڑھ ریفر کر دیا گیا۔ تاہم ان میں سے تین، جن کی شناخت روی، کومل اور مدھو کے نام سے ہوئی، راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے اور مرنے والوں کی کل تعداد آٹھ ہوگئی۔ باقی دو زخمی اس وقت علی گڑھ میڈیکل کالج میں زیر علاج ہیں۔

پولیس کے مطابق تمام متاثرین جونوائی تھانے کی حدود میں ہرگووند پور گاؤں کے رہنے والے تھے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بولیرو تیز رفتاری سے چلائی جا رہی تھی اور مبینہ طور پر ڈرائیور کالج کی دیوار سے ٹکرانے سے پہلے کنٹرول کھو بیٹھا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سنبھل کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کرشنا کمار وشنوئی اور ایڈیشنل ایس پی انوکریتی شرما جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی تھی اور پھنسے ہوئے مسافروں کو بچانے کے لیے اسے جے سی بی مشین کی مدد سے کاٹنا پڑا۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read