نئی دہلی: فلپائن کے صدر فرڈیننڈ روموالدیز مارکوس جونیئر پیر کے روز پانچ روزہ سرکاری دورے پر بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی پہنچے۔ وزارت خارجہ کے مطابق، اس دورے کا مقصد بھارت اور فلپائن کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
یہ صدر مارکوس کا بھارت کا پہلا دورہ ہے، اور ان کے برسراقتدار آنے (2022) کے بعد کسی فلپائنی صدر کا بھی یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے جو ایک اہم سنگ میل ہے۔
وزیر مملکت برائے خارجہ پبیترا مارگریٹا نے استقبال کیا
وزارت خارجہ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ صدر مارکوس کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ صدر فرڈیننڈ آرمارکوس جونیئر نئی دہلی پہنچ گئے ہیں۔ یہ ان کا بھارت کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔ وزیر مملکت برائے خارجہ پبیترا مارگریٹا نے ان کا استقبال کیا۔ بھارت اور فلپائن اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں اور یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا باعث بنے گا۔
🇮🇳🇵🇭 #Philippines President Marcos has arrived in India on a 5-day state visit. pic.twitter.com/S7H40LDl36
— Defence News Of INDIA (@DefenceNewsOfIN) August 4, 2025
خاتون اول اور کابینہ وزراء بھی موجود
صدر مارکوس کے ہمراہ ان کی اہلیہ خاتون اول لوئس ارانیٹا مارکوس بھی موجود تھیں، ساتھ ہی ان کے کئی کابینہ وزراء پر مشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی بھارت پہنچا۔
صدر مرمو، وزیراعظم مودی اور وزیر خارجہ سے ہوگی ملاقات
وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق اپنے دورے کے دوران صدر مارکوس صدر دروپدی مرمو اور وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات کریں گے۔ وہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ 5 اگست کو صدر مارکوس راج گھاٹ پر مہاتما گاندھی کی سمادھی پر خراج عقیدت پیش کریں گے، جس کے بعد وہ حیدرآباد ہاؤس میں وزیراعظم مودی سے مذاکرات کریں گے۔ اس موقع پر دوطرفہ یادداشتوں (MoUs) پر دستخط اور مشترکہ پریس بیانات بھی متوقع ہیں۔
کئی شہروں میں سرکاری مصروفیات کا شیڈول
صدر مارکوس مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود جے پی نڈا سے بھی ملاقات کریں گے، اس کے بعد وہ صدر دروپدی مرمو سے راشٹرپتی بھون میں ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ بنگلورو کا دورہ کریں گے، جہاں وہ کرناٹک کے گورنر تھاور چند گہلوت سے ملاقات کریں گے۔ ان کا یہ دورہ وزیراعظم مودی کی دعوت پر ہورہا ہے۔
بھارت-فلپائن کے تعلقات کی مضبوط بنیاد
بھارت اور فلپائن کے درمیان سفارتی تعلقات نومبر 1949 میں قائم ہوئے تھے اور تب سے دونوں ممالک نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، بحری تعاون، زراعت، صحت، دواسازی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی جیسے کئی شعبوں میں مضبوط شراکت داری قائم کی ہے۔ دونوں ممالک بشمول بھارت-آسیان جامع اسٹریٹیجک شراکت داری علاقائی سطح پر بھی قریبی تعاون رکھتے ہیں۔
بحر ہند و بحرالکاہل کے خطے میں بھارت کا وژن
بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارت-فلپائن تعلقات، بھارت کی ایکٹ ایسٹ پالیسی، وژن مہاساگر اور بحر ہند و بحرالکاہل کے لیے بھارتی حکمت عملی کے کلیدی ستون ہیں۔ یہ دورہ دونوں رہنماؤں کے لیے مستقبل کے دوطرفہ تعاون کی راہیں طے کرنے اور علاقائی و عالمی معاملات پر بات چیت کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔
مشترکہ جمہوری اقدار اور تاریخی رشتہ
بھارت اور فلپائن کے درمیان تعلقات تاریخی بنیادوں اور مشترکہ جمہوری اقدار پر استوار ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعاون مختلف شعبوں میں جاری ہے، جن میں دفاع، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلہ شامل ہیں۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔



