Bharat Express

Tejashwi Yadav targets Nitish Kumar: ’’نتیش کمار نے بہار کے لوگوں کی زندگیاں تباہ کر دیں…‘‘، وزیر اعلی پر تیجسوی یادو کا بڑا حملہ

انتخابات کے اعلان سے پہلے تیجسوی یادو نے بہار میں ’’مائی بہین مان یوجنا‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ تیجسوی نے کہا کہ ہماری حکومت بننے کے بعد ’’مائی بہین مان یوجنا‘‘ شروع کی جائے گی جس میں بہار کی خواتین کو ماہانہ 2500 روپے ملیں گے۔

سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو

نئی دہلی: سابق نائب وزیر اعلی اور اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے لیے پوری طرح کمر کس لی ہے۔ وہ بہار کے وزیر اعلی کو لگاتار نشانہ بنا رہے ہیں۔ تیجسوی یادو نے بدھ کے روز نتیش کمار کی ’پرگتی یاترا‘ پر زوردار حملہ کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک کارٹون پوسٹ کیا ہے۔

پوسٹ میں انہوں نے لکھا، ’’تھکے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ریٹائرڈ اہلکاروں کے ساتھ مل کر بہار کے نوجوانوں کی امیدوں کو مایوسیوں میں بدل دیا ہے۔ اشتہارات کے ذریعے جھوٹے پروپیگنڈے پر کروڑوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ بہاریوں کی زندگیوں کو خوشحال بنانے کے بجائے اسے برباد کر دیا ہے۔ بہار کی پرگتی (ترقی) کو دُرگتی (بدحالی) کی آگ میں جھونک دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید لکھا، ’’بے حس حکومت اور اس کے سربراہ کی قیادت میں ایک بارش میں ہی سینکڑوں پل اور پلیہ ٹوٹ جاتے ہیں۔ دو دہائیوں سے ہر قسم کے امتحانات پیپر لیک اور دھاندلی کی زد میں ہیں۔ مہنگائی ہر گھر اور ہر خاندان کو کھا رہی ہے۔ چھوٹے بڑے کاروباری اداروں کا کاروبار تباہی کے دہانے پر ہے۔ ان کے دور حکومت میں بہار غربت، بے روزگاری، بدعنوانی اور نقل مکانی میں اوّل ہے۔

قابل ذکر ہے کہ تیجسوی یادو نتیش حکومت پر حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے بہار کی امن و امان کی صورتحال کو لے کر این ڈی اے حکومت کو نشانہ بنایا تھا۔

ایک ٹویٹ میں تیجسوی نے لکھا کہ بیگوسرائے میں ایک نوجوان کا قتل، مدھے پورہ میں ایک کسان کی گولی مار کر قتل، کٹیہار کے کودھا میں ایک نوجوان کی گولی سے موت، مونگیر کے رام نگر میں قتل اور سپول کے نرھیا میں ایک نوجوانوں کے قتل اور دیگر جرائم کے واقعات کے بارے میں نتیش حکومت سے سوالات پوچھے۔

آپ کو بتاتے چلیں کہ انتخابات کے اعلان سے پہلے تیجسوی یادو نے بہار میں ’’مائی بہین مان یوجنا‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ تیجسوی نے کہا کہ ہماری حکومت بننے کے بعد ’’مائی بہین مان یوجنا‘‘ شروع کی جائے گی جس میں بہار کی خواتین کو ماہانہ 2500 روپے ملیں گے۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read