Bharat Express DD Free Dish

Bihar Assembly Election 2025 : بہار میں این ڈی اے کو 160 سے زائد سیٹوں پر جیت کی امید، عوام ترقی اور بہتر حکمرانی پر اعتماد کر رہے ہیں: امت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات میں حکمراں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) 160 سے زائد سیٹیں جیتے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام این ڈی اے حکومت کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں اور بہتر طرزِ حکمرانی سے مطمئن ہیں۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو کہا کہ بہار اسمبلی انتخابات میں حکمراں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) 160 سے زائد سیٹیں جیتے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام این ڈی اے حکومت کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں اور بہتر طرزِ حکمرانی سے مطمئن ہیں۔ ’آج تک‘ کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں امت شاہ نے کہا کہ این ڈی اے کے تمام پانچ اتحادی جماعتیں ’’مضبوط پوزیشن‘‘ میں ہیں۔ ان کے مطابق، ’’ہم آرام دہ پوزیشن میں ہیں، 160 سے زائد سیٹوں پر کامیابی حاصل کریں گے اور واضح اکثریت حاصل ہوگی۔ تمام اتحادی جماعتوں کی کامیابی کی شرح تقریباً یکساں رہے گی‘‘۔

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) پر نشانہ سادھتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ اگر آر جے ڈی اور اس کے اتحادی جماعتیں اقتدار میں آئیں تو ریاست میں ایک بار پھر ’’جنگل راج‘‘ کی واپسی ہوگی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’آر جے ڈی کی سوچ لاٹھی مارچ والی ہے۔ اگر وہ جیتے تو جنگل راج نئے چہرے اور نئے لباس میں واپس آئے گا‘‘۔ اپوزیشن کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہ این ڈی اے میں اختلافات پائے جاتے ہیں، شاہ نے واضح کیا کہ اتحاد کے اندر کوئی خلش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں، وزیراعلیٰ یا وزیراعظم کے عہدے کے لیے کسی اور کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے۔ نتیش کمار وزیراعلیٰ ہیں اور نریندر مودی وزیراعظم، پھر یہ عہدے خالی کہاں ہیں؟ میں نے عوامی جلسوں میں بھی یہی کہا ہے کہ دونوں عہدوں پر کوئی خلا نہیں‘‘۔

این ڈی اے کے منشور کے اجرا کے دوران نتیش کمار کے جلدی جانے کے سوال پر امت شاہ نے وضاحت کی کہ اس تقریب میں پانچ اتحادی جماعتوں کے سرکردہ رہنما موجود تھے، اس لیے وقت کی کمی کے باعث سب کا خطاب ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر ہر رہنما 25 منٹ بولتا تو تقریب ڈھائی گھنٹے تک چلتی۔ منشور جاری ہونے کے بعد نتیش جی اور جے پی نڈا جی روانہ ہوگئے، جبکہ دیگر رہنماؤں نے بعد میں میڈیا سے گفتگو کی‘‘۔

موکاما میں پیش آئے پرتشدد واقعے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے امت شاہ نے کہا کہ جنتا دل (یونائیٹڈ) کے امیدوار اننت سنگھ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جنگل راج میں قانون مجرم کی پہچان کے لحاظ سے کام کرتا تھا۔ اس دور میں قتل عام ہوتے تھے، 35 سے 40 افراد مارے جاتے اور مجرم وزیر اعلیٰ کے گھر میں چھپ جاتے، پولیس ان کی حفاظت کرتی تھی۔ موکاما کا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، لیکن اننت سنگھ کو بچایا نہیں گیا بلکہ جیل بھیجا گیا ہے‘‘۔ انہوں نے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو پر بھی طنز کیا اور کہا کہ ’’لالو جی صرف ملزم نہیں بلکہ مجرم قرار دیے جا چکے ہیں اور راہل گاندھی ان کے ساتھ گاندھی میدان میں کھڑے ہیں‘‘۔ بہار اسمبلی انتخابات دو مرحلوں میں ہوں گے — پہلا مرحلہ 6 نومبر اور دوسرا 11 نومبر کو۔ پہلے مرحلے کی مہم منگل کو اختتام پذیر ہوگئی۔ ووٹوں کی گنتی 14 نومبر کو ہوگی۔

بھارت ایکسپریس اردو



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read