ویڈیو گریب
Bulandshahr News: اترپردیش کے بلندشہر میں چوری کے شک میں کچھ لوگوں نے ایک مسلم نوجوان کو پیڑ سے پیٹنے کے بعد اسے گنجا بھی کردیا۔ اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر جم کر وائرل ہو رہا ہے، جس میں نوجوان چوری کے الزام کو مسترد کر رہا ہے۔ وہیں ویڈیو میں کچھ لوگ موبائل فون چوری کرنے کے الزام میں پیڑ سے باندھ کر نوجوان کو پیٹ رہے ہیں۔
بلند شہر کے ککوڑ تھانہ علاقے کے گاؤں ویر بادشاہ پور میں ساحل کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ اسے پیڑ سے باندھ کر پیٹا گیا ہے اور اس سے جے شری رام کے نعرے بھی لگوائے گئے ہیں۔ یہاں تک کہ اسے گنجا بھی کردیا گیا ہے۔ ساحل کی طرف سے اس کے والدین نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے پولیس کو جانکاری دی ہے کہ ساحل 13 جون کے دن گاؤں کے بس اڈے پر کھڑا تھا۔ تبھی تین نوجوان آئے اور بائیک پر اٹھاکر لے گئے۔ اسی کے ساتھ یہ بھی بتایا گیا کہ اس کے بعد ساحل سے سبھی نے موبائل فون کے بارے میں پوچھ گچھ کی اور تینوں نوجوانوں نے موبائل چوری ہونے کے شک میں اسے پیڑ سے باندھ دیا اور اس کی پٹائی کردی اور اسی کے ساتھ اسے گنجا بھی کردیا۔
پولیس نے ساحل کو ہی جیل بھیج دیا
متاثرہ فریق نے میڈیا کو بتایا کہ جب شرپسندوں کی شکایت لے کر ساحل 14 جون کو پولیس کے پاس گیا تو پولیس نے کارروائی کا بھروسہ دلایا، لیکن بعد میں 15 جون کو پولیس نے ساحل کو بلایا اور چوری کے الزام میں اسے جیل بھیج دیا۔ متاثرہ فریق کا کہنا ہے کہ پولیس نے ملزمین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور ہمارے خلاف ہی کارروائی کردی ہے۔ وہیں پولیس کا کہنا ہے کہ ساحل پر چوری کے 2 معاملے پہلے سے ہی درج ہیں۔
متاثرہ نے کی ایس پی سٹی سے ملاقات
ذرائع کے مطابق، 17 جون کو ساحل کے والدین نے پورے حادثہ کی شکایت ایس پی سٹی سے کی ہے اور انہیں وائرل ویڈیو بھی دکھایا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس سے متعلق تھانہ پولیس سے پوچھ گچھ کی گئی اور ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔ اس معاملے میں پولیس نے دو ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔
بھارت ایکسپریس۔