لیو-ان-ریلیشن شپ میں رہنے والی خاتون کا بے رحمانہ قتل کردیا گیا۔
ممبئی سے متصل میرا روڈ علاقے میں انسانیت کو شرمسار کردینے والا حادثہ سامنے آیا ہے، جہاں 56 سال کے شخص نے لیو-ان ریلیشن شپ میں رہنے والی اپنی روم پارٹنر کا بے دردی سے قتل کرکے اس کے جسم کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق، ملزم لاش کے ٹکڑوں کو کوکر میں ڈال کر ابالتا تھا اور پھر مکسر میں پیستا تھا۔ فی الحال ملزم کو پولیس نے گرفتارکرلیا ہے اورگھرسے قتل میں استعمال سبھی اشیاء ضبط کرلی گئی ہے۔
دراصل، یہ حادثہ میرا بھائندرفلائی اوورکے پاس گیتا نگرفیز-7 میں ہوا، جہاں 56 سال کے منوج سانے اوراس کی روم پارٹنر 32 سال کی سرسوتی ویدھ ایک ساتھ رہتے تھے۔ یہ جوڑا گزشتہ تین سال سے یہاں لیو ان ریلیشن شپ میں رہ رہا تھا۔ بدھ (7 جون) کواس عمارت میں رہنے والے پڑوسیوں کوگھرسے بدبوآنے لگی، تبھی انہوں نے اس کی اطلاع نیا نگر پولیس اسٹیشن کو دی۔
پولیس نے ملزم کو کیا گرفتار
نیا نگر پولیس کے گھر میں گھسنے کے بعد اس حادثے کا پتہ چلا۔ پولیس نے موقع سے ملزم کو حراست میں لیا ہے۔ اس معاملے میں دیر رات تک نیا نگر پولیس اسٹیشن میں قتل کا معاملہ درج کرنے کا عمل چل رہا تھا۔ ملزم نے لاش کو ٹھکانے لگانے کے لئے اس کے ٹکڑے ٹکڑے کردیئے تھے۔ جانکاری کے مطابق ان ٹکڑوں کو کٹر مشین سے کاٹا گیا۔ پولیس قتل کی وجوہات کی جانچ میں مصروف ہوگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ملزم منوج سانے کو شک تھا کہ مہلوکہ سرسوتی ویدھ کا کہیں افیئرچل رہا ہے اور اس لئے گزشتہ 4-3 دنوں سے دونوں میں مارپیٹ ہونے لگی تھی۔ مہلوکہ سرسوتی ویدھ نے دو تین دن پہلے زہرکھاکر اپنی جان لے لی تھی۔ اس خوف سے کہ پولیس اسے اس کی خودکشی کے لئے ذمہ دار ٹھہرائے گی، ملزم منوج نے سرسوتی کی لاش کو ٹھکانے لگانے کا منصوبہ بنا لیا اور یہ اتنا خطرناک تھا کہ یہ انسانیت کے لئے بے حد ہی شرمندگی بھرا تھا۔
ایسے لگایا تھا لاش کوٹھکانے
جانکاری کے مطابق، ملزم نے لاش کو ٹھکانے لگانے کے لئے کٹرمشین سے اس کے ٹکڑے ٹکڑے کرنے شروع کردیئے تھے۔ پھر ٹکڑوں کو کوکر میں ابالتا اور پھر مکسر میں پیسنے کے بعد پھینک دیتا تھا۔ سوسائٹی کے پیچھے گٹر میں بھی کچھ حصہ ملزم نے پھینکا تھا۔ وہ جسم کے اعضاء کو پھینکنے کے لئے اپنی بائیک کا استعمال کرتا تھا۔ پولیس نے گھر سے قتل میں استعمال کئے گئے گھریلو سامان سمیت لاش کو ٹھکانے لگانے میں استعمال بائیک کو بھی ضبط کرلیا ہے۔ فی الحال پولیس معاملے کی باضابطہ جانکاری دینے سے انکار کر رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی جانچ ہو رہی ہے۔ جب تک پوسٹ مارٹم رپورٹ نہیں آجاتی اورملزم سے پوچھ گچھ پوری نہیں ہوجاتی تب تک کوئی باضابطہ طور پر بیان نہیں دیا جائے گا۔
-بھارت ایکسپریس