Bharat Express

Mumbai Bus Accident Tragedy: ممبئی میں خوفناک بس حادثہ،7 لوگوں کی موت،49 زخمی،ملزم ڈرائیور پہلی بار چلا رہا تھابس،بریک کی جگہ دبا دیا ایکسلریٹر

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ‘پہلے بس نے ایک آٹو کو ٹکر ماری اور پھر ایک کے بعد ایک گاڑیوں سے ٹکراتی چلی گئی۔ بہت سے پیدل چلنے والے اور ہاکر بھی بس کی زد میں آ گئے ،کچھ ہی دیر میں سڑک پر لوگوں کی چیخ و پکار مچ گئی۔

پیر کی رات ممبئی کے کرلا میں بی ای ایس ٹی بس نے کئی لوگوں کو کچل دیا۔ اس حادثے میں اب تک 7 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ 49 زخمی زیر علاج ہیں۔ انہیں سائن اور کرلا بھابھا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔یہ حادثہ کرلا ویسٹ ریلوے اسٹیشن روڈ پر امبیڈکر نگر میں پیش آیا۔ بس کرلا اسٹیشن سے اندھیری جارہی تھی۔ یہ بی ای ایس ٹی  بسیں ممبئی میونسپل کارپوریشن چلاتی ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ ملزم ڈرائیور سنجے مورے پیر کو پہلی بار بس چلا رہا تھا۔ وہ یکم دسمبر کو ہی بی ای ایس ٹی میں بطور کنٹریکٹ ڈرائیور جوائن کیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اس نے بریک کے بجائے ایکسلریٹر دبایا تھا۔ جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔پولیس نے ملزم ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ وہ رات گئے سے حراست میں ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ‘پہلے بس نے ایک آٹو کو ٹکر ماری اور پھر ایک کے بعد ایک گاڑیوں سے ٹکراتی چلی گئی۔ بہت سے پیدل چلنے والے اور ہاکر بھی بس کی زد میں آ گئے ،کچھ ہی دیر میں سڑک پر لوگوں کی چیخ و پکار مچ گئی۔ ایک عینی شاہد نے اس دردناک حادثے کو سنایا اور بتایا کہ کیسے ایک لمحے میں سڑک خون سے سرخ ہو گئی۔ اس حادثے میں 7 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ جبکہ 49 سے زائد زخمی بتائے جارہے ہیں۔

کار کو 100 میٹر تک دھکیل دیا

عینی شاہد زید احمد نے بتایا کہ جب میں اپنے گھر سے ریلوے اسٹیشن جانے کے لیے نکل رہا تھا تو میں نے ایک زوردار آواز سنی اور دیکھا کہ ایک بس بہت سے پیدل چلنے والوں، رکشہ اور کاروں کو ٹکراتی ہوئی آگے چلی جارہی ہے۔ میں فوری طور پر لوگوں کی مدد کے لیے آگے بڑھا اور رکشے میں پھنسے کچھ زخمیوں کو بچا لیا۔ زخمیوں کو بھابھا اسپتال بھیج دیا گیاہے۔ ایک اور عینی شاہد نے بتایا کہ بس کے رکنے سے پہلے ان کی گاڑی کو 100 میٹر تک دھکیل دیا۔ ہجوم نے بس کا پیچھا کیا اور ڈرائیور کو پکڑ لیا اور پولیس کے پہنچنے تک اس کی پٹائی کی۔ پولیس نے بتایا کہ ڈرائیور سنجے مورے کو طبی معائنہ کے لیے جے جے اسپتال لے جایا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت آفرین عبدالسلیم شاہ (19)، انعم شیخ (20)، کنیز فاطمہ غلام قادر (55)، شیوم کشیپ (18) اور وجے وشنو گائیکواڑ (70) کے طور پر کی گئی ہے۔فضلو نامی شخص اپنی بیوی اور دو سالہ پوتی کے ساتھ اسی سڑک پر تھا۔ جہاں سے حادثہ پیش آیا۔ ان کی پوتی اور اہلیہ  بھی ہسپتال میں ہیں۔ جبکہ اس کے کندھے میں فریکچر ہے۔ملزم بس ڈرائیور سنجے مورے کی عمر 54 سال ہے، کرلا پولیس ذرائع کے مطابق جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس میں تقریباً 60 مسافر تھے۔ اس واقعہ میں تین پولیس اہلکار اور ایک ایم ایس ایف (مہاراشٹر سیکورٹی فورس) کا جوان بھی زخمی ہوا ہے۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read