Urdu Conclave 2026

Funeral of Ayatollah Ali Khamenei: سابق سپریم لیڈرعلی خامنہ ای کی آخری رسومات میں بھارت کی شرکت، مرکزی وزیر مملکت پبترا مارگریٹا اور بہار کے گورنر سید عطاء حسنین نے کی نمائندگی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق تقریب میں آٹھ سربراہانِ مملکت یا حکومت، بارہ ممالک کے پارلیمانی سربراہان اور متعدد وزرائے خارجہ و خصوصی ایلچی شریک ہوئے۔ ایرانی حکام کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موجودہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کی آخری رسومات میں شریک نہیں ہوئے۔ ایرانی فوجی قیادت نے بھی بیرونی قوتوں کو کسی بھی اشتعال انگیز کارروائی سے باز رہنے کی سخت تنبیہ کی ہے۔

تہران: بھارت کی جانب سے مرکزی وزیر مملکت برائے امور خارجہ پبتر مارگریٹا اور بہار کے گورنر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) سید عطاء حسنین نے جمعہ کو تہران میں ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی آخری رسومات میں شرکت کی۔ آیت اللہ خامنہ ای 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں جاں بحق ہوئے تھے۔ مرکزی وزیر مملکت پبترا مارگریٹا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ انہوں نے اور بہار کے گورنر نے تہران میں منعقدہ آخری رسومات میں بھارت کی نمائندگی کی اور بھارتی حکومت و عوام کی جانب سے مرحوم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

 دوسری جانب بہار کے گورنر سید عطاء حسنین نے بھی ایکس پر اپنے پیغام میں حالیہ تنازع میں جان گنوانے والوں کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔

عالمی رہنماؤں کی بڑی تعداد کی شرکت

تہران کے امام خمینی گرینڈ مصلیٰ میں منعقدہ تقریب میں ایران کی اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت نے شرکت کی۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، چیف جسٹس غلام حسین محسنی اور عسکری کمانڈر محسن رضائی سمیت متعدد اعلیٰ شخصیات نے مرحوم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں بھارت کی دیگر ممتاز شخصیات، جن میں محبوبہ مفتی اور کانگریس کے شعبۂ خارجہ کے سربراہ سلمان خورشید بھی شامل تھے، نے بھی آیت اللہ خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

تقریب میں تقریباً سو ممالک کے وفود کی شرکت

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی کے مطابق تقریب میں تقریباً 100 ممالک کے سرکاری وفود، مذہبی رہنما، سیاسی شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ترکمانستان، عراق، آرمینیا، تاجکستان، پاکستان اور عراق کے کردستان خطے سمیت متعدد ممالک کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ آذربائیجان، بنگلہ دیش، ازبکستان، بیلاروس اور کرغزستان کے پارلیمانی سربراہان، نکاراگوا، کانگو اور برکینا فاسو کے وزرائے خارجہ، مصر کی سینیٹ کے صدر، فلسطینی اسلامی جہاد کے سیکریٹری جنرل اور عمان کی پارلیمنٹ کے اسپیکر بھی موجود تھے۔

آخری رسومات کئی روز تک جاری رہیں گی

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کے مطابق تقریب میں آٹھ سربراہانِ مملکت یا حکومت، بارہ ممالک کے پارلیمانی سربراہان اور متعدد وزرائے خارجہ و خصوصی ایلچی شریک ہوئے۔ ایرانی حکام کے مطابق سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موجودہ سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای اپنے والد کی آخری رسومات میں شریک نہیں ہوئے۔ ایرانی فوجی قیادت نے بھی بیرونی قوتوں کو کسی بھی اشتعال انگیز کارروائی سے باز رہنے کی سخت تنبیہ کی ہے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای کی میت کو امام خمینی گرینڈ مصلیٰ میں عوامی دیدار کے لیے رکھا گیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق آخری رسومات میں ایک کروڑ پچاس لاکھ سے دو کروڑ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ بعد ازاں نمازِ جنازہ اور جلوسِ جنازہ تہران، قم، بغداد، کربلا اور نجف سے گزرتا ہوا 9 جولائی کو مشہد میں تدفین پر اختتام پذیر ہوگا۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read