ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو لکھا خط۔
نئی دہلی: راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مشترکہ خط لکھا۔ انہوں نے زور دیا کہ پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس میں ایک بل پیش کیا جائے جس سے جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے اور لداخ کو بھی آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کیا جائے۔
ملکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی نے مشترکہ خط میں لکھا، ’’ہم حکومت پر زور دیتے ہیں کہ وہ پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس میں جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے لیے ایک بل پیش کرے۔ اس کے علاوہ ہم حکومت سے درخواست کرتے ہیں کہ لداخ کے مرکز کے زیر انتظام علاقے کو آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کے لیے ایک قانون بنائے۔ یہ لداخ کے لوگوں کی ثقافتی، ترقیاتی اور سیاسی امنگوں کو پورا کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہوگا اور ساتھ ہی ان کے حقوق، زمین اور شناخت کی حفاظت کرے گا۔‘‘
جموں و کشمیر کا آزاد ہندوستان میں بے مثال ہے معاملہ
خط میں کہا گیا ہے کہ پچھلے پانچ سالوں سے جموں و کشمیر کے لوگ مسلسل مکمل ریاست کا درجہ بحال کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ یہ مطالبہ نہ صرف جائز ہے بلکہ ان کے آئینی اور جمہوری حقوق پر بھی مبنی ہے۔ کانگریس لیڈروں نے خط میں لکھا، “یہ سمجھنا ضروری ہے کہ جہاں ماضی میں مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ریاست کا درجہ دیے جانے کی مثالیں ملتی رہی ہیں، وہیں جموں و کشمیر کا معاملہ آزاد ہندوستان میں بے مثال ہے۔ یہ پہلی بارہے جب کسی مکمل ریاست کو اس کی تقسیم کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تبدیل کیا گیا ہے۔‘‘
راہل اور کھڑگے نے پی ایم کے پہلے بیانات کا دیا حوالہ
راہل گاندھی اور کھڑگے نے وزیر اعظم کے پہلے بیانات کا بھی حوالہ دیا جس میں انہوں نے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ واپس کرنے کا یقین دلایا تھا۔ خط میں لکھا ہے، ’’آپ نے خود کئی مواقع پر ریاست کی بحالی کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ 19 مئی 2024 کو بھونیشور میں دیے گئے اپنے انٹرویو میں، آپ نے کہا تھا کہ ہم ریاست کی بحالی کے وعدے کے بارے میں پوری طرح سنجیدہ ہیں اور ہم اس پر قائم ہیں۔ 19 ستمبر 2024 کو سری نگر میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے، آپ نے اس بات کی تصدیق کی کہ ’ہم نے پارلیمنٹ میں کہا ہے کہ ہم اس خطے کا ریاستی درجہ بحال کریں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: بالاسور معاملہ، راہل گاندھی نے لڑکی کے والد سے کی بات، انصاف دلانے کی کرائی یقین دہانی
اس کے علاوہ خط میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حکومت ہند نے آرٹیکل 370 سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں بھی ریاست کا درجہ ’جلد از جلد‘ بحال کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
بھارت ایکسپریس۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


