مہاراشٹر میں اسمبلی انتخابات کے نتائج مہایوتی کے حق میں آنے کے بعد اپوزیشن پارٹیاں اسے ابھی تک قبول نہیں کرپائی ہیں ۔ انتخابی نتائج کے حوالے سے اپوزیشن جماعتیں اب مزید جارحانہ نظر آ رہی ہیں۔ جانکاری کے مطابق مہاوکاس اگھاڑی کے لیڈر اس کو لے کر احتجاج کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ریاست میں الیکشن ہارنے والے امیدوار عدالت سے بھی رجوع کریں گے۔معلومات کے مطابق مہاراشٹر میں 20 سے زیادہ شکست خوردہ امیدواروں نے عدالت جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران وہ وی وی پیٹ کی تحقیقات اور آڈٹ کا مطالبہ کریں گے۔ آپ کو بتا دیں کہ اپوزیشن لیڈر ای وی ایم کو لے کر مسلسل سوال اٹھا رہے ہیں۔
کانگریس کے مہاراشٹر یونٹ کے سربراہ نانا پٹولے نے ہفتہ (30 نومبر) کو دعویٰ کیا تھاکہ حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج شفافیت کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور الیکشن کمیشن کو انتخابی عمل پر عوام کے شکوک و شبہات کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے فیصلے کو ‘جمہوریت کا قتل’ قرار دیاتھا۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر میں 23 نومبر کو ہوئے اسمبلی انتخابات کے نتائج میں حکمراں مہایوتی نے زبردست جیت درج کی تھی اور 288 اسمبلی سیٹوں میں سے 230 جیت کر ریاست میں اپنی مضبوط طاقت برقرار رکھی۔ اس الیکشن میں بی جے پی نے 132 سیٹیں جیتی ہیں، جب کہ شندے گروپ کی شیوسینا نے 57 سیٹیں جیتی ہیں اور اجیت پوار کی این سی پی نے 41 سیٹیں جیتی ہیں۔ وہیں دوسری جانب شیو سینا (یو بی ٹی)، جو ایم وی اے کا حصہ ہے، نے 20، کانگریس نے 16 اور شرد پوار کی این سی پی نے 10 سیٹیں جیتیں ہیں۔
بھارت ایکسپریس۔