Bharat Express

Maharashtra MLC Election 2024: مہاراشٹر ایم ایل سی الیکشن میں کراس ووٹنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی کانگریس، یہ ہے اراکین اسمبلی کی فہرست

مہاراشٹر قانون سازکونسل کے انتخابات میں کانگریس کے کچھ اراکین اسمبلی نے کراس ووٹنگ کی۔ کانگریس ان ایم ایل اے کے خلاف کارروائی کرنے جا رہی ہے۔ این سی پی (شرد پوارگروپ) کے امیدوارجینت پاٹل کواراکین اسمبلی کی کراس ووٹنگ کی وجہ سے شکست ہوئی۔

مہاراشٹر ایم ایل سی الیکشن میں کراس ووٹنگ کرنے والے اراکین اسمبلی کے خلاف کانگریس کارروائی کرے گی۔

کانگریس مہاراشٹرقانون سازکونسل کے انتخابات میں کراس ووٹ دینے والے اراکین اسمبلی کے خلاف کارروائی کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ ریاستی انچارج نے مقامی قیادت سے بات کی اوررپورٹ لی، جسے تنظیم کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جن اراکین اسمبلی نے کراس ووٹ دیا، ان میں جیتیش انتا پورکر، موہن ہمبارڈے، سلبھا کھوڈکے، ذیشان صدیقی اور ہرامن کھوشکرشامل ہیں۔

ریاست میں قانون سازکونسل کے انتخابات کے لئے ووٹنگ 12 جولائی کوہوئی تھی۔ قانون سازکونسل کی 11 نشستوں پرہونے والے انتخابات میں کل 12 امیدوارمیدان میں تھے۔ ان میں سے بی جے پی کی قیادت والے اتحاد کے 9 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی، جبکہ شیوسینا (یو بی ٹی) سے ایک اورکانگریس کا ایک امیدوارکامیاب ہوا۔ شرد پوارگروپ کے جینت پاٹل کانگریس اراکین اسمبلی کی کراس ووٹنگ کی وجہ سے الیکشن ہارگئے تھے۔

کس کے پاس کتنے امیدوارتھے؟

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پانچ امیدوارکھڑے کئے تھے، جبکہ اس کی مہایتی اتحادی جماعتوں شیوسینا اورنیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) نے 2-2 امیدوارکھڑے کئے تھے۔ کانگریس اورشیوسینا (یوبی ٹی) نے ایک ایک امیدوارکھڑا کیا، جبکہ ان کی مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے اتحادی این سی پی (شرد چندرپوار) کسانوں اورورکرزپارٹی (پی ڈبلیوپی) کے امیدوارکی حمایت کررہے تھے۔ بی جے پی کے جن امیدواروں نے جیت درج کی، ان میں پنکجا منڈے، پرنے پھوکے، امت گورکھے، یوگیش ٹیلیکراوک سدا بھاؤ کھوت ہیں۔ وہیں این سی پی (اجیت پوارگروپ) کے شیوا جی راؤ گرجے اورراجیش وٹیکرنے جیت حاصل کی۔ شیوسینا (شندے گروپ) کے کرپال تمانے اور بھاؤنا گولی جیت درج کرنے میں کامیاب رہے۔ شیوسینا (یوبی ٹی) کی طرف سے ملند نارویکراورکانگریس کی طرف سے پرگیا ساتونے بازی ماری۔

27 جولائی کو مکمل ہوگی میعاد

قانون سازکونسل (ایم ایل سی) کے 11 اراکین کی 6 سالہ مدت 27 جولائی کومکمل ہورہی ہے۔ ریاست کی 288 رکنی اسمبلی ان انتخابات کے لئے الیکٹورل کالج ہے اورفی الحال اس کی تعداد 274 ہے۔ بی جے پی 103 اراکین اسمبلی کے ساتھ اسمبلی میں سب سے بڑی پارٹی ہے۔ اس کے بعد شیوسینا کے 38، این سی پی کے 42، کانگریس کے 37، شیوسینا (یوبی ٹی) کے 15 اوراین سی پی (شرد چندرپوار) کے 10 اراکین ہیں۔ ایوان زیریں میں نمائندگی کرنے والی دیگرجماعتوں میں بہوجن وکاس اگھاڑی (3)، سماج وادی پارٹی (2)، اے آئی ایم آئی ایم (2)، پرہارجن شکتی پارٹی (2) اورمہاراشٹرنونرمان سینا (ایک)، مارکسی کمیونسٹ پارٹی (ایک)، سوابھیمانی پکشا (ایک) شامل ہیں۔ ایک، جن سوراجیہ شکتی پارٹی (ایک)، انقلابی سوشلسٹ پارٹی (ایک)، کرانتی کاری شیتکاری پکشا (ایک) اور کسانوں اور ورکرزپارٹی آف انڈیا (ایک) شامل ہیں۔

بھارت ایکسپریس-