Bharat Express

Lok Sabha Elections 2024: الیکشن کمیشن نے 106 سرکاری ملازمین کو کیا معطل، جانئے کس پارٹی کی میٹنگ میں ہوئے تھے شامل

بی جے پی کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت پرالیکشن افسران کا ایک فلائننگ اسکواڈ میٹنگ کرنے والی جگہ پرپہنچے تھے۔ فلائننگ اسکواڈ کے پہنچتے ہی بہت سے ملازمین اس جگہ سے بھاگ گئے۔

الیکشن کمیشن

Lok Sabha Elections 2024: الیکشن کمیشن نے منگل (9 اپریل) کو تلنگانہ حکومت کے 106 ملازمین کو معطل کردیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے تحت ان ملازمین پرکارروائی کی ہے۔ تلنگانہ حکومت کے ان ملازمین نے مبینہ طورپر بی آرایس کی ایک میٹنگ میں حصہ لیا تھا۔

پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق، تلنگانہ کے سدّی پیٹ ضلع میں بی آرایس کی ایک میٹنگ میں یہ 106 سرکاری ملازم مبینہ طورپر موجود تھے۔ باضابطہ ذرائع نے منگل کو بتایا کہ 7 اپریل 2024 کی رات کوایک میریج ہال میں ہوئی میٹنگ میں بڑی تعداد میں سرکاری ملازم موجود تھے۔

الیکشن افسران کو دیکھ کربھاگ گئے ملازمین

بی جے پی کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت پرالیکشن افسران کا ایک فلائننگ اسکواڈ میٹنگ والی جگہ پرپہنچے تھے۔ جیسے ہی فلائننگ اسکواڈ وہاں پہنچا۔ انہیں دیکھ کر وہاں موجود بہت سے ملازمین اس جگہ سے بھاگ گئے۔ حالانکہ بعد میں سی سی ٹی وی سے ان ملازمین کی پہچان کرلی گئی۔ سدّی پیٹ کے ڈی ایم ایم منو چودھری، جو ضلع کے الیکشن افسر بھی ہیں، نے پیر (8 اپریل) کی دیر رات 106 ملازمین کو معطل کرنے کا حکم جاری کردیا۔

فلائننگ اسکواڈ نے ضبط کئے 4 کروڑ

آئی اے این ایس کی ایک رپورٹ کے مطابق، لوک سبھا الیکشن 2024 کے پیش نظرالیکشن کمیشن کے فلائننگ اسکواڈ (اڑن دستہ) مسلسل چھاپہ ماری کررہے ہیں۔ 6 اپریل کی رات کو فلائننگ اسکواڈ نے چھاپہ ماری کرکے تین لوگوں سے چارکروڑ روپئے ضبط کئے۔ فلائننگ دستے نے چھاپہ ماری کرکے تین لوگوں سے چار کروڑ روپئے ضبط کئے۔ اڑن دستے نے ترونلویلی جانے والی نیلّئی ایکسپریس کے اے سی کوچ میں سفرکر رہے تین لوگوں سے یہ رقم ضبط کی۔ اس دوران ٹیم کے ساتھ تانبرم ریلوے پولیس بھی تھی۔

ڈی ایم کے امیدوارکے رشتہ دار سے لاکھوں کا نقد برآمد

الیکشن کمیشن کے فلائننگ اسکواڈ نے 7 اپریل کی دیررات ویلّورلوک سبھا سیٹ سے ڈی ایم کے امیدوارکتھرآنند کے رشتہ دارکے گھرسے 7.5 لاکھ ضبط کئے۔ فلائننگ اسکواڈ نے نٹراجن کی رہائش گاہ سے یہ پیسے ضبط کئے ہیں، جو کہ ڈی ایم کے اسٹیٹ سکریٹری اورتمل ناڈو کے وزیرآبی وسائل ایس درئی مروگن کے رشتہ دار ہیں۔ ذرائع کے مطابق، الیکشن کمیشن کے فلائننگ اسکواڈ کو نٹراجن کے گھرسے ہی یہ پیسے ملے ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔