Bharat Express

Delhi Excise Policy Case: شراب گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں اروند کیجریوال نے سپریم کورٹ سے کیا جلد سماعت کا مطالبہ، عدالت نے ای میل بھیجنے کی ہدایت دی

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کے وکیل ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف عرضی پر سپریم کورٹ نے 29 اپریل سے شروع ہونے والے ہفتے میں سماعت کی بات کہی تھی۔

دہلی شراب پالیسی معاملے سے متعلق منی لانڈرنگ معاملے میں وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے اپنی عرضی پرسپریم کورٹ سے جلد سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں سپریم کورٹ نے اروند کیجریوال کے وکیل کو اسے لے کرای میل بھیجنے کو کہا ہے۔ دراصل، کیجریوال کے وکیل ابھیشیک منوسنگھوی نے آج جسٹس سنجیو کھنہ کی بینچ کے سامنے یہ معاملہ رکھا تھا۔

ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف عرضی پرسپریم کورٹ نے 29 اپریل سے شروع ہونے والے ہفتے میں سماعت کی بات کہی تھی، لیکن یہ معاملہ اب 6 مئی کو لسٹنگ میں نظرآرہا ہے۔ ابھیشیک  منوسنگھوی نے عدالت کو بتایا کہ اس معاملے میں ای ڈی نے جواب داخل کردیا ہے۔ ایسے میں اگلے ہفتے سماعت کی جائے۔ اس کے بعد جسٹس سنجیو کھنہ نے ابھیشیک منوسنگھوی سے کہا کہ آپ ای میل بھیجئے، ہم غوروخوض کریں گے۔

واضح رہے کہ کچھ دن پہلے ہی وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی گرفتاری اور نچلی عدالت کی حراست کے خلاف داخل عرضی پر سپریم کورٹ میں جانچ ایجنسی ای ڈی نے حلف نامہ داخل کیا ہے۔ حلف نامے میں ای ڈی نے سپریم کورٹ سے کہا کہ وزیراعلیٰ اروند کیجریوال شراب پالیسی مبینہ بدعنوانی معاملے میں سرغنہ اوراہم ملزم ہیں۔ ہائی کورٹ نے سبھی پہلوؤں پرغور کرنے کے بعد واضح فیصلہ دیا۔ ای ڈی نے کہا کہ اس کے پاس دستیاب مواد کی بنیاد پرہائی کورٹ نے قبول کیا ہے کہ کیجریوال منی لانڈرنگ کے جرم کے ملزم ہیں۔

 بھارت ایکسپریس۔

Also Read