جموں و کشمیر میں پچھلے کچھ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے سیکورٹی فورسز بھی تیار دکھائی دے رہی ہیں۔ گزشتہ روزجموں میں کٹھوعہ ضلع کے مچیڈی-بلاور علاقے میں پہاڑی جنگلات سے دہشت گردوں نے فوج پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ لیکن فوج کے جوانوں نے ان کی چال کو ناکام بناتے ہوئے اندھا دھند فائرنگ کی۔ فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں پر 5000 سے زائد گولیاں چلائیں جس کی وجہ سے دہشت گرد موقع سے بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔ جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع کے مچیڈی-بلاور علاقے کے کم از کم 26 رہائشیوں کو پیر کے روز دو ٹرکوں کو لے جانے والے فوجی گشت پر مہلک حملے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس دہشت گردانہ حملے میں 22 گڑھوال رائفلز کے پانچ جوان شہید اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔
فوج کے ایک اہلکار نے بتایا کہ این آئی اے کی ایک ٹیم گھات لگائے مقام پر پہنچ گئی ہے اور تحقیقات میں پولیس ان کی مدد کر رہی ہے۔ فوج، جموں و کشمیر پولیس، سی آر پی ایف اور پیرا کمانڈو اہلکار دہشت گردوں کو پکڑنے کے لیے علاقے کی آباد بستیوں اور جنگلوں میں تلاشی لے رہے ہیں، لیکن ابھی تک کسی کو پکڑا یا مارا نہیں گیا ہے۔شدید بارش نے ڈرون اور ہیلی کاپٹروں کے ذریعے فضائی نگرانی مشکل بنا دی ہے۔ شدید گولہ باری کا سامنا کرنے کے باوجود، فوجیوں نے مزید جانی نقصان سے بچنے اور دہشت گردوں کو ہتھیار چھیننے سے روکنے کے لیے فائرنگ جاری رکھی ہے۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ ہندوستانی فوج کی گڑھوال رجمنٹ کے سپاہیوں نے دہشت گردوں پر 5,189 راؤنڈ فائر کیے جس سے وہ موقع سے فرار ہونے پر مجبور ہوئے۔کشمیر ٹائیگرز، جو کہ پاکستان کی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم جیشِ محمدسے وابستہ ہے، نے گھات لگا کر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مقامی لوگوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے کہ آیا انہوں نے گھات لگانے سے پہلے دہشت گردوں کو دیکھا تھا یا انہیں کوئی مدد فراہم کی تھی۔
بھارت ایکسپریس۔