Bharat Express

BJP-JDS Alliance 2024: کرناٹک میں جے ڈی ایس کو لگ سکتا ہے بڑا جھٹکا، پارٹی سے وابستہ اقلیتی لیڈران نے کی بڑی میٹنگ، جانئے تفصیل

BJP-JDS Alliance: کرناٹک میں بی جے پی اور سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کی جے ڈی ایس نے آئندہ اسمبلی انتخابات ساتھ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ساتھ ہی جے ڈی ایس نے باضابطہ طور پر این ڈی اے میں شامل ہونے کا بھی اعلان کیا۔

جنتا دل (سیکولر) کے این ڈی اے میں شامل ہونے کے بعد پارٹی کے ریاستی صدر سی ایم ابراہیم نے بڑا بیان دے کر پارٹی کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔

BJP-JDS Alliance Lok Sabha Election 2024: کرناٹک میں جنتا دل (سیکولر) پارٹی کی پریشانی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ بی جے پی سے اتحاد کرنے کے بعد پارٹی میں اندرونی رسہ کشی جاری ہے۔ کئی لیڈران پارٹی چھوڑ چکے ہیں، جبکہ کئی اوربڑے نام استعفیٰ دینے کی تیاری میں ہیں۔ اسی ضمن میں جنتا دل (سیکولر) پارٹی کے اقلیتی لیڈران نے پارٹی کے اتحاد کے فیصلے اوراپنے آگے کے مستقبل پرتبادلہ خیال کرنے کے لئے اتوار(24 ستمبر) کوبنگلورومیں ایک میٹنگ کی۔ میڈیا کی خبروں کے مطابق، اس میٹنگ میں شامل لیڈران نے پارٹی قیادت کے این ڈی اے میں شامل ہونے کے فیصلے پرنااتفاقی کا اظہارکیا۔

این ڈی اے اتحاد پر جانیں گے کارکنان کی رائے

 رپورٹ کے مطابق، اس میٹنگ کی صدارت جنتا دل (ایس) کے کارگزارصدراین ایم نبی نے کی۔ میٹنگ میں پارٹی ترجمان نوراحمد، محمد الطاف اورنصیراستاد سمیت کئی دیگرلیڈران نے شرکت کی۔ اس میٹنگ میں لیڈران نے یہ طے کیا کہ پارٹی میں بنے رہنے یا استعفیٰ دینے پرکوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے وہ سبھی پارٹی کے اقلیتی کارکنان سے رائے لیں گے۔ اس کے لئے کرناٹک کے ہراضلاع کا دورہ کیا جائے گا اوروہاں اقلیتی کارکنان سے اس پر بات کی جائے گی۔ کچھ وقت بعد ایک اورمیٹنگ کی جائے گی۔ کارکنان کی رائے جاننے کے بعد ہی یہ سبھی لیڈر پارٹی چھوڑنے یا استعفیٰ دینے پر فیصلہ کریں گے۔

نائب صدر پہلے ہی دے چکے ہیں اپنا استعفیٰ

اس سے پہلے اتوارکے روز ہی جے ڈی ایس کے کرناٹک نائب صدرسید سیف اللہ نے پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے استعفیٰ دیتے ہوئے کہا تھا، “جے ڈی ایس نے ایک ایسی پارٹی سے ہاتھ ملایا ہے، جو ذات اوربرادری کے درمیان درارپیدا کرتی ہے۔ پارٹی میں سیکولرلیڈران اس فیصلے کی مخالفت کررہے ہیں۔“

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کی جنتا دل (سیکولر) نے جمعہ (22 ستمبر2023) کوکرناٹک میں بی جے پی کے ساتھ اتحاد کا اعلان کیا اور سال 2024 لوک سبھا الیکشن سے پہلےغیررسمی طورپرقومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) میں شامل ہونے کا اعلان بھی کیا۔ جے ڈی ایس لیڈراورکرناٹک کے سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے دہلی میں مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ اوربی جے پی صدر جے پی نڈا سے ملاقات کے بعد یہ اعلان کیا تھا۔

 

بھارت ایکسپریس۔

Also Read