پورے ملک میں جمعۃ الوداع کا خاص اہتمام کیا گیا۔
عیدالفطر 2023 سے پہلے ملک میں ٓآج جمعۃ الوداع کا اہتمام کیا گیا۔ رمضان 2023 کے مبارک اور مقدس مہینے میں پانچ بار نماز جمعہ ادا کی گئی۔ جمعۃ الوداع کے موقع پر خشوع وخضوع کے ساتھ فرزندان توحید نے عبادت کی اور اللہ کی بارگاہ میں دعائیں کیں۔ ملک کی اکثروبیشتر مساجد میں مسلمانوں پرہونے والے مظالم اوران کی خوشحالی کے لئے دعائیں کی گئیں۔ اس موقع پر فرزندان توحید نے خصوصی طور پر رمضان کے مبارک اور مقدس مہینے میں کی گئی عبادات کی قبولیت کے لئے دعائیں مانگیں۔
دراصل، مذہب اسلام میں جمعہ کو ہفتے کا تہواربتایا گیا ہے، اس طرح سے اس دن کی خاص اہمیت ہے۔ اسے جمعہ مبارک تسلیم کیا جاتا ہے۔ اسی طرح جب رمضان المبارک میں آجائے اورخصوصاًرمضان کے آخری عشرے میں تواس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے، چنانچہ حضرت جابررضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ رمضان کے جمعۃ المبارک کی فضیلت ایسی ہی ہے، جیسی دیگرمہینوں پررمضان المبارک کوفضیلت حاصل ہے۔
رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ اپنے اختتام کے قریب ہے، بڑے سعادت مند ہیں، وہ لوگ جنہوں نے اس ماہ مبارک میں اللہ تبارک وتعالیٰ کی رحمتیں، اس کی عنایتیں خوب خوب سمیٹیں اور جنہوں نے اپنے گناہ بخشوا کرجہنم کی آگ سے آزادی کا پروانہ حاصل کیا۔ رمضان المبارک کے اس جمعۃ المبارک کو”جمعۃ الوداع” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ ہمیں اس دن کے حوالے سے درج ذیل باتوں کا اہتمام کرنا چاہئے۔
جمعۃ الوداع ہمیں متنبہ کرتا ہے کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ رخصت ہونے کوہے، لہٰذا بندے کواللہ تعالیٰ کاشکرادا کرنا چاہئے کہ رمضان المبارک کی دولت نصیب فرمائی اورروزہ، نماز، تلاوت، تراویح کی عبادت کی توفیق عطاکی۔ج س قدراللہ کاشکرادا کیا جائے گا، اسی قدرنعمتوں میں اضافہ ہوگا۔
جمعۃ الوداع اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ اب صرف چند دن باقی ہیں اوروہ ماہ مبارک اختتام کے قریب ہے، جس میں روزانہ بارگاہ الٰہی سے بے شماربندوں کی مغفرت کی جاتی ہے، لہٰذا اس کے احترام میں جوکمی کوتاہی ہوگئی ہو، اس پرصدق دل سے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگی جائے، اس کی تلافی کی جائے اورجودن باقی رہ گئے ہیں، ان کی قدرکی جائے اوراپنے گناہوں کو بخشوا کررحمت کی بہاریں حاصل کی جائیں۔