Bharat Express

BJP National Executive Meeting: ایک بھی ریاست میں الیکشن نہیں ہارنا ہے: جے پی نڈا نے 2024 لوک سبھا الیکشن کے لئے پارٹی کارکنان کو بتایا جیت کا فارمولہ

بی جے پی لیڈر روی شنکر پرساد نے بتایا کہ پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا نے میٹنگ میں کہا کہ ہمیں ایک بھی ریاست کا الیکشن نہیں ہارنا ہے۔ سبھی 9 ریاستوں میں جیت درج کرنی ہے۔

وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر جے پی نڈا۔ (تصویر: اے این آئی)

BJP National Executive Meeting:  دہلی میں پیر کے روز یعنی 16 جنوری سے بی جے پی کی دو روزہ قومی ایگزیکٹیو کی میٹنگ شروع ہوئی۔ اس میٹنگ میں وزیر اعظم نریندر مودی، بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا، وزیرداخلہ امت شاہ سمیت دیگر مرکزی وزرا اور بی جے پی کے اقتدار والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے حصہ لیا۔ اس میٹنگ کا انعقاد 17-16 جنوری کو کیا جا رہا ہے۔ اس میٹنگ میں جے پی نڈا نے آئندہ اسمبلی انتخابات اور لوک سبھا الیکشن 2024 پر توجہ مرکوز کرنے کی بات کہی۔

روی شنکر پرساد نے کہا کہ پارٹی کے قومی صدر نے سبھی سے اپیل کی کہ 2023 ہمارے لئے بہت ضروری ہے کیونکہ اس سال 9 ریاستوں میں الیکشن ہونے ہیں۔ انہوں نے سبھی سے کمر کسنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایک بھی الیکشن نہیں ہارنا ہے۔ ان کا واضح پیغام تھا کہ ایک بھی ریاست کا الیکشن نہیں ہارنا ہے، ہمیں سبھی 9 ریاستوں میں جیت درج کرنی ہے۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا نے میٹنگ میں حال ہی میں اختتام پذیر ہوئے الیکشن پر بھی غوروخوض کیا اور کہا کہ گجرات کی جیت  تاریخی اور شاندار ہے۔

 

ہم ایک لاکھ سے زیادہ بوتھوں تک پہنچے

سینئر بی جے پی لیڈر نے بتایا کہ ہماچل پردیش الیکشن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ ہمیں سرکار بدلنے کی روایت کو بدلنا تھا، لیکن ہم ایسا نہیں کرسکے۔ جے پی نڈا نے پہلی بھی کہا تھا کہ ہمیں کمزور بوتھوں کو جیتنا تھا۔ پورے ملک کے 100 لوک سبھا حلقوں میں 72 ہزار بوتھ نامزد کئے گئے تھے، جہاں بی جے پی کمزور تھی اور جہاں ہمیں پہنچنا تھا، لیکن ہم ایک لاکھ 30 ہزار بوتھوں تک پہنچے اور پارٹی کی پالیسیوں کی تشہیر کی۔

 

13 فروری کو ہوگا بڑا پروگرام

بی جے پی صدر نے کہا کہ دیانند سرسوتی جی کے 200 سال مکمل ہونے کے موقع پر 13 فرور کو ایک بڑا پروگرام منعقد کیا جائے گا۔ سرسوتی جی کے آدرشوں پر چلتے ہوئے، وزیراعظم کی قیادت میں ملک میں آخری لائن پر کھڑے شخص کو بااختیار بنانے کا کام کیا گیا تھا۔ صدر نے وزیر اعظم مودی کی قیادت میں 220 کروڑ سے زیادہ خوراک فراہم کرنے والے ٹیکہ کاری پروگرام کی مثال پیش کرتے ہوئے نیو انڈیا کے ورک کلچر پر روشنی ڈالی۔

یہ بھی پڑھیں:  PM Modi Road Show: وزیر اعظم نریندر مودی کا میگا روڈ شو، لوگوں نے کی پھولوں کی بارش

بی جے پی حکومت کی حصولیابیاں

روی شنکر پرساد نے کہا کہ غلامی کی بدترین ماضی  کو ختم کرتے ہوئے ہم نے اپنی روایات پر فخر کرتے ہوئے 75 سال تک چلنے والے ‘راج پتھ’ کو بدل کر’کرتبیہ پاتھ’ میں بدل دیا، کاشی کاریڈور بنایا، مہا کال لوک بنا، کیدارناتھ کی شان کو بحال کیا اور اب رام مندر بن رہا ہے۔ جے پی نڈا نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان برطانیہ کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی پانچویں بڑی معیشت بن گیا ہے۔ اتنا ہی نہیں ہم موبائل فون بنانے والے دوسرے بڑے ملک بن گئے ہیں اور ہندوستان میں استعمال ہونے والے 95  فیصد سے زیادہ موبائل فون میڈ ان انڈیا ہیں۔

 -بھارت ایکسپریس

Also Read