Bharat Express

رفح کیمپ پراسرائیلی وحشیانہ بمباری کی جماعت اسلامی ہند نے سخت مذمت کی

جماعت اسلامی ہند کے امیر سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ’’یہ بات اول روز سے واضح ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی قانون یا نسل کشی کنونشن ( جینوسائڈ کنونشن ) جیسے بین الاقوامی معاہدوں کا احترام نہیں کرتا ہے۔

جماعت اسلامی ہند کے امیر سید سعادت اللہ حسینی (فائل فوٹو)

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے امیرسید سعادت اللہ حسینی نے میڈیا کوجاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی غزہ کے شمال مغرب میں واقع رفح شہرکے ایک کیمپ میں مقیم بے گھرشہریوں پروحشیانہ بمباری کرنا غیرانسانی اورنہایت ہی مذموم عمل ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی دفاعی فورسزنےعارضی پناہ گزینوں کے خیموں پر وحشیانہ حملہ کیا جبکہ یہ محفوظ علاقہ (سیف زون ) کے طورپرنشان زد تھا۔ اس حملے کے نتیجے میں کئی لوگ ہلاک اورمتعدد افراد زندہ جل گئے۔ اسرائیل غزہ کے بے گھرشہریوں پرحملے کرکے مسلسل جنگی جرائم کا ارتکاب کرتا آرہا ہے۔ اس حملے نے جنگی جرائم کی ایک اورمثال قائم کردی۔

 امیرجماعت اسلامی ہند نے کہا کہ ’’یہ بات اول روز سے واضح ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی قانون یا نسل کشی کنونشن ( جینوسائڈ کنونشن ) جیسے بین الاقوامی معاہدوں کا احترام نہیں کرتا ہے۔ یہ ایک ظالم ریاست ہے جوقابضین کی آبادکاری، نسل پرستی اورعورتوں وبچوں سمیت معصوم شہریوں کو جان بوجھ کرنشانہ بناتی ہے اور بے دردی سے قتل کرتی ہے ۔ یہ ہمارے دورکا ایک بڑا المیہ ہے کہ انصاف، جمہوریت، آزادی اورمساوات کا نعرہ زورو شورسے بلند کیا جاتا ہے، مگرغزہ اوررفح میں نسل کشی اور وحشیانہ حملے کا سلسلہ جاری رہنے کے باوجود زمین پرآباد طاقتور ترین قومیں اسرائیل کو ظلم و بربریت سے باز رکھنے اور جنگ کو روکنے میں ناکام ثابت ہورہی ہیں۔

سید سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ اورعالمی برادری سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس شرمناک اجتماعی قتل عام کو روکنے کے لئے فوری مؤثراقدام کریں، جنگ بندی کویقینی بنائیں اورآزاد فلسطینی ریاست کے قیام کوعملی جامہ پہنچائیں۔ ہم اپنی حکومت (حکومت ہند ) سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی کا حق ادا کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری کو  فلسطینیوں کے تئیں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے اپنے اثرو رسوخ کا استعمال کرے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ یہ ہندوستان کے لیے فخر کی بات ہے کہ بین الاقوامی عدالت ( آئی سی جے ) میں ہندوستان کے نمائندے جسٹس دلویربھنڈاری نے اس فیصلے کے حق میں ووٹ دیا، جس میں اسرائیل کو رفح میں اپنی فوجی کارروائیوں کو فوری طورپرروکنے کا حکم دیا گیا ہے‘‘۔

 بھارت ایکسپریس۔