Bharat Express

مطلقہ کو نان و نفقہ دینے سے متعلق سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ مسلم خواتین کے حق میں نہیں ہے: جماعت اسلامی ہند

جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ملک معتصم خاں نے ایک بیان میں کہا کہ ’’مسلم طلاق یافتہ خواتین کو عدت کے بعد نان ونفقے کی ادائیگی کے تعلق سے سپریم کورٹ نے جو حالیہ فیصلہ دیا ہے، اس کا ابتدائی مطالعہ کرنے سے چند اہم نکات اجاگر ہوتے ہیں۔

جماعت اسلامی ہند کی مرکزی تعلیمی بورڈ نے حکومت سے آر ٹی ای ترمیم پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا ہے۔

نئی دہلی: جماعت اسلامی ہند کے نائب امیرملک معتصم خاں نے میڈیا کوجاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’مسلم طلاق یافتہ خواتین کوعدت کے بعد نان ونفقے کی ادائیگی کے تعلق سے سپریم کورٹ  نے جوحالیہ فیصلہ دیا ہے، اس کا ابتدائی مطالعہ کرنے سے چند اہم نکات اجاگر ہوتے ہیں:

1 :  1986 کا ایکٹ  ایک مکمل قانون تھا جسے طلاق یافتہ مسلم خواتین کے معاملات  کے تصفیے کے لیے بنایا گیا تھا۔  اس ایکٹ کے سیکشن 3 میں طلاق شدہ مسلم عورت کو مہر کی ادائیگی، املاک کی واپسی اور عدت کے دوران نان و نفقے کی منصفانہ و معقول رقم کی ادائیگی کا واضح ذکر موجود ہے۔اس قانون کو مرد کی دیگر ذمہ داریوں کو نظر انداز کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔ مرد پراپنے بیوی بچوں کے ساتھ ساتھ اگر بوڑھے ماں باپ اور بھائی بہن ضرورت مند ہوں تو ان کی مالی ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ بیٹی یا بہن کی شادی سے قبل بھی کفالت اس کے باپ یا بھائی کے ذمے ہے اوراگر وہ بیوہ یا مطلقہ ہوکر گھر لوٹ آئے تو اس صورت میں بھی اس کی کفالت کا بوجھ ان کے ذمے ہے۔ یہ اسلام کا ایک اصولی  اورمتوازن نظام ہے جو شادی کے اصل مقاصد کےتحفظ سے متعلق اسلام کے وسیع تر اخلاقی تصور سے ہم آہنگ ہے اورایسی صورت حال سے بچنے کا ذریعہ ہے  جس سے  شادی اورطلاق بوجھ بن جاتے ہیں اورجذباتی خلفشاراورقانونی تنازعات کا سبب بننے لگتے ہیں۔

2 : متعدد سالوں کے مشاہدات سے معلوم ہوتا ہے کہ 1986کے قانون کے سیکشن 3 میں نان و نفقے کی جوتفصیل دی گئی ہے،اس سے،’سی آر پی سی‘ کی دفعہ 125 کے مقابلے میں زیادہ معقول نان و نفقے کی رقم مطلقہ کو فراہم ہوتی ہے، کیونکہ 1986 کا ایکٹ مسلم پرسنل لاء کے تحت مسلمان خاتون کے مخصوص حالات کا وسیع دائرے میں احاطہ کرلیتا ہے۔

3:       یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ اس واضح قانونی گنجائش کے ساتھ ساتھ ایک الگ متوازی نظام پر عمل درآمد کیسے ممکن  ہوسکے گا ۔ معاملہ عدالت کے اس ریمارک کے بعد مزید پیچیدہ ہوگیا ہے  کہ  دفعہ 127(3) ’سی آر پی سی‘ کی دفعات کے مطابق ، ججوں کو ’ سی آر پی سی‘ کی دفعہ 125 کی رُو سے کوئی بھی حکم دینے سے پہلے ایکٹ 1986 کے سیکشن  3 کے تحت دی گئی نان و نفقے کی تشریح پر دھیان دینا چاہئے۔

4:  عدالت کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ  اس الجھن کو دور کرے اور قانونی موقف واضح کرے کہ طلاق شدہ مسلم خواتین کی کفالت  مسلم پرسنل لاء کے مطابق ہی کی جائے گی، جیسا کہ 1986 کے ایکٹ میں درج ہے۔

5:  ایک بنیادی سوال یہ ہے کہ آخر ’شریعہ اپلی کیشن ایکٹ 1937‘ کو کلی طور پر کیوں نظر انداز کردیا گیا  ہے جبکہ یہ قانون کے اس ڈھانچے کا لازمی حصہ ہے جو آج مسلم پرسنل لاء کے ذریعہ  مسلمانوں کے عائلی مسائل حل کرتا ہے۔ 1937 کا یہ ایکٹ مسلمانوں کو شادی، طلاق، وراثت وغیرہ جیسے مسائل میں پرسنل لاء کے مطابق عمل کرنے کی آزادی دیتا ہے۔ یہ ایکٹ ہندوستان کے آئین کے آرٹیکل 25 کے عین مطابق ہے جس میں مذہب کی آزادی کی ضمانت دی گئی ہے  اور یہ مسلمانوں سمیت ملک کے تمام شہریوں کا بنیادی حق ہے۔

6: مسلم پرسنل لاء اور اسلامی نقطہ نظر سے، شادی دو افراد کے درمیان ایک معاہدہ ہے۔ طلاق سے یہ معاہدہ ختم ہوجاتا ہے۔ جب معاہدہ ختم ہوگیا اور کسی قسم کا معاہداتی تعلق باقی ہی نہیں رہا توشوہر پرمالی ذمہ داری آخرکیوں عائد ہوگی؟  کیا معاہدے کے یا پارٹنرشپ کے کسی بھی قانون میں معاہدے کے ختم ہوجانے کے بعد معاہدے کے کسی فریق پرمستقل مالی ذمہ داری کا کوئی تصور پایا جاتا ہے؟ اس فیصلے سے نکاح کے ایک معاہدے کی حیثیت ہی متاثرہورہی ہے۔

7:  جہاں تک مطلقہ مسلم خاتون کے حقوق کا تعلق ہے تو مسلم پرسنل لا میں اور1986 کے قانون میں  اس بات کو یقینی بنانے  کا انتظام موجود ہے کہ وہ بے یارو مددگارنہ رہے، اس لئے شریعت نے اسے نہ صرف وراثت میں حصہ دار بنایا ہے بلکہ اس کے رشتہ داروں پر بھی لازم قرار دیا ہے کہ وہ اس عورت کی کفالت کا انتظام کریں ۔ اگراس کے رشتہ داراسے سہارا دینے سے قاصر ہیں، یا اس کے خاندان کے افراد موجود نہیں ہیں تواس کی کفالت پورے سماج کی ذمہ داری ہوگی اور اجتماعی نظامِ زکوۃ یا وقف کے ذریعے کی جائےگی۔ کورٹ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس قانون کے مطابق عورت کی کفالت کو یقینی بنانے کے احکام جاری کرے۔

8: سپریم کورٹ کا حالیہ فیصلہ خواتین کے حق میں نہیں ہے۔ یہ مطلقہ خواتین کوغیریقینی صورت حال سے دوچار کر سکتا ہے۔ اس صورت میں یہ اندیشہ موجود ہے کہ شوہرازدواجی زندگی سے بے اطمینانی کے باوجود مستقل نان ونفقے کے بوجھ کے خوف سے طلاق نہیں دے گا اورعورت کو نکاح میں رکھ کرظلم کا شکار بناتا رہے گا یا طلاق کے بغیراسے یوں ہی چھوڑدے گا۔ اس کی بہت سی نظیرموجود ہیں اور مسلم پرسنل لا اس مسئلے کوحل کرتا ہے اورناکام شادی کی صورت میں عورت کوآزادی کا باعزت راستہ فراہم کرتا ہے۔

9: ہندوستان کے آئین نے تمام مذہبی اقلیتوں کو اپنے مذہب اوراپنے پرسنل لاء پرعمل کرنے کی آزادی دی ہے۔ اب اگرقانون میں یا اس کی تعبیرمیں کوئی ایسی تبدیلی کی جاتی ہے جومسلم پرسنل لا فریم ورک کے بنیادی ڈھانچے کوبدل دے، تو یہ مسلمانوں کے نزدیک ناقابل قبول ہوگا۔ ایسا کرنا نہ صرف قانوناً غلط ہوگا بلکہ آئین میں سب کے لیے فراہم کردہ حقوق کی بھی خلاف ورزی ہوگی ۔ یہ عمل اخلاقیات اور سماجی انصاف کے اصولوں کے بھی خلاف ہے۔

10: مسلم پرسنل لاء میں مداخلت کے اس دروازے کومستقل طور پر بند کرنے کے لئے حکومت  (وزارت قانون)، سیاسی جماعتوں  اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے درمیان مشاورت اورغورو فکر کرکے ٹھوس حل نکالا جانا چاہئے۔

بھارت ایکسپریس۔