نئی دہلی: ملک کی سب سے بڑی نجی ایئرلائن انڈیگو پر ایک بار پھر مصیبتوں کا پہاڑ ٹوٹ پڑا ہے۔ آپریشَنل بحران کے بعد اب کمپنی کو جی ایس ٹی محکمہ کی جانب سے 58.75 کروڑ روپے کا پینلٹی نوٹس ملا ہے۔ یہ نوٹس مالی سال 2020-21 کے جی ایس ٹی حساب کتاب سے متعلق ہے، جسے سی جی ایس ٹی، دہلی ساوتھ کمشنریٹ کے ایڈیشنل کمشنر نے جاری کیا ہے۔ اس میں بنیادی ٹیکس کی مانگ کے ساتھ بھاری جرمانہ بھی شامل ہے۔ انڈیگو نے اس نوٹس کو غیر منصفانہ اور غلط قرار دیتے ہوئے اسے قانونی طور پر چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی نے بی ایس ای فائلنگ میں کہا کہ نوٹس میں کی گئی دعوے حقائق پر مبنی نہیں ہیں اور کمپنی کے پاس مضبوط دلائل موجود ہیں جن کی بنیاد ماہر ٹیکس ایڈوائزرز کی رائے ہے۔ انڈیگو نے واضح کیا کہ اس نوٹس کا اس کی مالی حالت، روز مرہ کے آپریشن یا کاروباری سرگرمیوں پر کوئی خاص اثر نہیں پڑے گا۔
آپریشنل بحران کے بیچ نیا جھٹکا
یہ نوٹس ایسے وقت آیا ہے جب انڈیگو پہلے ہی شدید آپریشنل بحران سے گزر رہی ہے۔ دسمبر کے پہلے ہفتے میں سیکڑوں پروازیں منسوخ ہونے کے بعد ڈی جی سی اے نے کمپنی کو ہدایت دی تھی کہ وہ اپنے ونٹر 2025 شیڈول میں 10 فیصد کی کمی کرے۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی کے سی ای او پیٹر ایلبرس کو بھی ڈی جی سی اے کی کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے بلایا گیا تھا۔ پروازوں کے بڑے پیمانے پر منسوخ ہونے سے کمپنی کی ساکھ کے ساتھ مسافروں کو بھی بھاری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انڈیگو کے شیئر کی رفتار
بازار میں انڈیگو کے شیئرز پچھلے کچھ ہفتوں سے دباؤ میں ہیں۔ جمعہ کے روز انڈیگو کا اسٹاک 0.50 فیصد بڑھ کر 4,845 روپے پر بند ہوا، مگر گزشتہ ایک ماہ میں اس کی قیمت 16 فیصد سے زیادہ گر چکی ہے۔ فی الحال کمپنی کی مارکیٹ ویلیو تقریباً 1.87 لاکھ کروڑ روپے ہے۔
اس دوران معروف بروکریج جیفریز نے انڈیگو کے شیئر کے لیے 6,035 روپے کا ٹارگٹ برقرار رکھا ہے اور ’خرید‘ کی ریٹنگ دی ہے۔ بروکریج کے مطابق حالیہ آپریشنل بحران اور بڑھتی لاگت سے قلیل مدتی آمدنی متاثر ہو سکتی ہے، لیکن طویل مدت میں کمپنی کی مضبوط مارکیٹ شیئر اور تیزی سے بڑھتا ہوا بین الاقوامی نیٹ ورک اسے سہارا دیتے رہیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 15 دنوں میں انڈیگو کی ایک کے بعد ایک کئی پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں، جس کے نتیجے میں گھریلو ہوابازی کے شعبے میں بھی دباؤ بڑھا ہے اور ہزاروں مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔





