نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت اور یورپی یونین کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے آزاد تجارتی معاہدے کو ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے دونوں فریقین کے مشترکہ عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ نہ صرف بھارت اور یورپ کے عوام کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا ،بلکہ عالمی معیشت میں بھی ایک مضبوط مثال قائم کرے گا۔ انڈیا انرجی ویک سے قبل اپنے خطاب میں وزیر اعظم مودی نے کہا کہ بھارت اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والا یہ بڑا معاہدہ دنیا بھر میں ’’مدر آف آل ڈیلز‘‘ کے نام سے زیرِ بحث ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ بھارت کے 1.4 ارب عوام اور یورپی ممالک میں رہنے والے لاکھوں افراد کے لیے بے پناہ امکانات لے کر آیا ہے۔ انہوں نے اسے دنیا کی دو بڑی معیشتوں کے درمیان بہترین ہم آہنگی کی مثال قرار دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت۔یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدہ عالمی مجموعی گھریلو پیداوار کے تقریباً 25 فیصد اور عالمی تجارت کے تقریباً ایک تہائی حصے کی نمائندگی کرتا ہے، جو اس کی معاشی اور اسٹریٹجک اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ بھارت کے برطانیہ اور یورپی فری ٹریڈ ایسوسی ایشن کے ساتھ پہلے سے موجود تجارتی معاہدوں کی تکمیل بھی کرے گا۔ پی ایم مودی نے اس موقع پر کہا کہ اس تجارتی معاہدے سے بھارت کے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو زبردست فروغ ملے گا، جبکہ خدماتی شعبے میں بھی نمایاں توسیع متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ ہر سرمایہ کار اور صنعت کار کے اعتماد میں اضافہ کرے گا اور بھارت میں سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے گا۔ وزیر اعظم نے قوم کے عوام کو اس تاریخی پیش رفت پر مبارک باد بھی دی۔
واضح رہے کہ بھارت اور یورپی یونین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر بات چیت کا آغاز 2007 میں ہوا تھا، جسے 2022 میں دوبارہ شروع کیا گیا۔ اب یہ مذاکرات کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں اور اس کا باضابطہ اعلان بھارت۔یورپی یونین سربراہی اجلاس میں کیا جا رہا ہے۔ اس اجلاس میں یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لیئن یورپی یونین کی نمائندگی کریں گی، جب کہ وزیر اعظم نریندر مودی میزبان ہوں گے۔ سربراہی اجلاس میں ایک مشترکہ جامع اسٹریٹجک ایجنڈا بھی منظور کیے جانے کی توقع ہے، جس کا مقصد خوشحالی، پائیداری، ٹیکنالوجی، اختراع، سلامتی، دفاع اور عالمی امور میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ بھارت اور یورپ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی خوشحالی کو نئی سمت دے گا۔
بھارت ایکسریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

