Bharat Express DD Free Dish

Home Minister Amit Shah: سائیکلون ’ارنب‘ پر وزیر داخلہ امت شاہ کی 4 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ سے بات، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آندھرا پردیش، پڈوچیری، اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلیٰ سے بات کرکے سائیکلون ’ارنب‘ سے متاثرہ لوگوں کو راحت پہنچانے کے لیے ہر ممکن مدد کا بھروسہ دیا۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں بچاؤ اور راحت کے کاموں میں مصروف ہیں۔

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ۔

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے سائیکلون ’ارنب‘ کے پیش نظر آندھرا پردیش، پڈوچیری، اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی اور آفت کے دوران لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ امت شاہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’سائیکلون ارنب کے پیش نظر آندھرا پردیش، پڈوچیری، اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلیٰ سے بات کی اور انہیں آفت کے دوران لوگوں کی مشکلات کم کرنے کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔ این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں سرگرم ہوگئی ہیں اور جنگی پیمانے پر بچاؤ اور راحت کے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ نقصانات کا جائزہ لینے اور مزید مدد کے لیے مرکزی ٹیم (آئی ایم سی ٹی) کو جلد ہی بھیجا جائے گا۔ حکومت ہند پوری مضبوطی کے ساتھ لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘

چندرابابو نائیڈو نے بھی امت شاہ کو دی تھی معلومات

اس سے پہلے 28 اکتوبر کو آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے فون پر بات کی تھی اور انہیں ریاست میں سائیکلون ارنب سے ہونے والے بڑے پیمانے پر نقصان کے بارے میں معلومات دی تھیں۔ وزیر اعلیٰ نائیڈو نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرکے بتایا تھا کہ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ کو آندھرا پردیش میں سائیکلون کے اثرات سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا، ’’میں نے انہیں سائیکلون سے ہونے والے بھاری نقصان کے بارے میں بتایا، خاص طور پر زرعی اور باغبانی کی فصلوں، بجلی کے بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور دیگر عوامی املاک کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں۔‘‘

متاثرہ اضلاع میں راحت اور بچاؤ کی کارروائیاں جاری

وزیر اعلیٰ نے کہا تھا، ’’میں نے انہیں سائیکلون سے متاثرہ اضلاع میں ہورہی شدید بارش، وہاں کے موجودہ حالات اور ریاستی حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر چلائے جارہے راحت اور بچاؤ کے کاموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر نقصان کو دیکھتے ہوئے انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ سے درخواست کی ہے کہ جلد از جلد مرکزی ٹیمیں بھیجی جائیں، تاکہ نقصانات کا جائزہ لیا جاسکے اور حکومت ہند کی جانب سے راحت، بازآبادکاری اور بحالی کی کوششوں کے لیے مالی مدد فراہم کی جاسکے۔ اس سے پہلے بھی وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو نے امت شاہ کو خط لکھ کر درخواست کی تھی کہ سائیکلون سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے جلد از جلد ایک مرکزی ٹیم بھیجی جائے۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read