ملک کی راجدھانی دہلی اور اس سے ملحقہ این سی آر کے لوگوں کو جس گھڑی کا طویل عرصے سے انتظار تھا، وہ آج آ ہی گئی۔ نو تعمیر شدہ باراپولا فیز-3 ایلیویٹڈ کوریڈور کا افتتاح آج مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کیا۔اس پروگرام میں امیت شاہ کی تقریر طے نہیں تھی۔ مقررہ پروگرام کے مطابق انہوں نے ایلیویٹڈ کوریڈور کا افتتاح کیا اور اس کے بعد واپس روانہ ہو گئے۔ اس کے ساتھ ہی افتتاحی پروگرام اختتام پذیر ہو گیا۔
وزیر داخلہ کے پہنچنے سے پہلے سی ایم ریکھا گپتا نے کیا خطاب
وزیر داخلہ امت شاہ کے پہنچنے سے پہلے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے پروگرام کے مقام پر لوگوں سے خطاب کیا۔ وزیر اعلیٰ نے اپنے خطاب میں سابق عام آدمی پارٹی حکومت پر دہلی کی ترقی کو روکنے کا الزام لگایا۔ریکھا گپتا نے کہا کہ سابق حکومت نے دہلی کو برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور شہر کی ترقی ٹھپ کر دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پریشان کیا گیا، لیکن ان کی حکومت کے اقتدار میں آنے کے ڈیڑھ سال کے اندر ہی کئی ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے، کچھ پر کام جاری ہے اور کئی منصوبے مکمل بھی ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے پر ہے اور اسی مقصد کے لیے مسلسل کام کیا جا رہا ہے۔
’پچھلی حکومت نے پل کا کام روک رکھا تھا
وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے کہا کہ باراپولا کوریڈور کا کام سابق حکومت نے روک کر رکھا ہوا تھا اور اسے آگے نہیں بڑھایا جا رہا تھا۔ ان کے مطابق فنڈ دستیاب ہونے کے باوجود سابق حکومت نے کام مکمل نہیں کیا۔ریکھا گپتا نے کہا کہ ان کی حکومت آنے کے بعد تمام رکاوٹیں دور کی گئیں اور منصوبے پر کام آگے بڑھایا گیا۔ اب اسے عوام کے لیے وقف کیا جا رہا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اگلے 5 برسوں میں عوام کے تعاون سے اتنے ترقیاتی کام کیے جائیں گے، جتنے ان کے دعوے کے مطابق سابق حکومت 50 برس میں بھی نہیں کر سکی ہوگی۔
پرویش ورما نے بھی سابق حکومت پر نشانہ سادھا
افتتاحی پروگرام میں پہنچے دہلی کے تعمیرات عامہ کے وزیر پرویش ورما نے کہا کہ یہ صرف ایک پل کا افتتاح نہیں ہے، بلکہ دہلی کے لوگوں کے ٹیکس کے پیسوں سے بننے والے اس منصوبے کی بھی تکمیل ہے، جسے سابق حکومت نے روک کر رکھا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد سب سے پہلے انہوں نے اس پل کا معائنہ کیا تھا۔ ان کے مطابق اس وقت افسران نے کہا تھا کہ پہلی بار کوئی وزیر اس پل کا معائنہ کرنے آیا ہے، کیونکہ سابق حکومت میں کوئی یہاں کام دیکھنے تک نہیں آیا۔پرویش ورما نے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکومت کے دور میں وزیر اعلیٰ اپنے ’شیش محل‘ میں رہتے تھے اور یہ دیکھنے کی کوشش نہیں کی جاتی تھی کہ کہاں کیا کام ہو رہا ہے۔مرکزی وزیر مملکت اور دہلی بی جے پی کے ریاستی صدر ہرش ملہوترا نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں دہلی کی مسلسل ترقی ہو رہی ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

