Bharat Express

Hemant Soren News: ہیمنت سورین کو راحت نہیں، انتخابی تشہیر کے لئے جیل سے نہیں آپائیں گے باہر، سپریم کورٹ نے 6 مئی تک ملتوی ہوئی سماعت

ای ڈی کی گرفتاری اورکارروائی کے خلاف جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی عرضی پرسپریم کورٹ میں آئندہ سماعت 6 مئی کو ہوگی۔

ہیمنت سورین کو سپریم کورٹ سے راحت نہیں ملی ہے۔

Hemant Soren News: جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی گرفتاری اورانفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی کارروائی کے خلاف ان کی عرضی پرسپریم کورٹ نے نوٹس جاری کیا ہے۔ زمین گھوٹالہ معاملے میں بند ہیمنت سورین کا کہنا ہے کہ اپنی پارٹی کی تشہیرکے لئے الیکشن کے دوران ان کا باہرآنا ضروری ہے۔ ہیمنت سورین نے معاملے کی سماعت کے دوران یہ بھی کہا ہے کہ ہائی کورٹ نے گرفتاری کے خلاف ان کی عرضی پرگزشتہ 2 ماہ سے فیصلہ محفوظ رکھا ہوا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ہائی کورٹ فیصلہ دینے پرغور کرے۔ معاملے میں 6 مئی کو آئندہ سماعت ہوگی۔

دراصل، ہیمنت سورین نے اپنی گرفتاری کے بعد جھارکھنڈ ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ اس پر28 فروری کو کارگزار چیف جسٹس ایس چندر شیکھر اورجسٹس نونیت کمارکی بینچ نے سماعت پوری کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا، لیکن اب تک کوئی فیصلہ نہیں آیا ہے۔

سپریم کورٹ نے نوٹس جاری کیا

جھارکھنڈ کے سابق وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی طرف سے الیکشن کے پیش نظرعبوری ضمانت کے مطالبہ پر سپریم کورٹ نے ای ڈی کو نوٹس جاری کرکے جواب مانگا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ اگرہائی کورٹ چاہے تو جو فیصلہ محفوظ رکھا ہے، وہ فیصلہ سنا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ہیمنت سورین زمین گھوٹالہ معاملے میں جیل میں بند ہیں۔ کپل سبل کا الزام ہے کہ ای ڈی ضمانت پر جواب دینے کے لئے بار بار وقت کا مطالبہ اور جان بوجھ کر تاخیر کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ جھارکھنڈ ہائی کورٹ یکم مئی کو ضمانت عرضی پرسماعت کرنے والی ہے۔

سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ جانے کا دیا تھا حکم

ای ڈی نے ہیمنت سورین کو 31 جنوری کو گرفتار کیا تھا۔ اس کے خلاف ہیمنت سورین نے سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا، لیکن جسٹس سنجیو کھنہ اورجسٹس بیلا ایم ترویدی کی بینچ نے ہیمنت سورین کو پہلے جھارکھنڈ ہائی کورٹ جانے کو کہا تھا۔ وہیں پورے معاملے سے متعلق اپوزیشن الائنس انڈیا میں شامل کانگریس سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیوں کا کہنا ہے کہ بی جے پی سیاسی ایجنسیوں کا غلط استعمال کررہی ہے۔

دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال کی شراب پالیسی سے متعلق معاملے میں گرفتاری اور ہیمنت سورین کو گرفتارکرنا لوک سبھا الیکشن کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ لوگ اس کا لوک سبھا میں جواب دیں گے۔ اس سے متعلق بی جے پی نے پلٹ وار کیا ہے کہ جانچ ایجنسی اپنا کام کر رہی ہے اور جو بھی غلط کام کرے گا، اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

 بھارت ایکسپریس۔