Bharat Express

Weather Update: کیرالہ میں موسلا دھار بارش جاری، کئی علاقوں میں معمولات زندگی درہم برہم، ممبئی میں بھی آج شدید بارش کا امکان

جمعرات کے روز ممبئی میں شدید بارش کا امکان ہے، ہندوستان کے محکمہ موسمیات (IMD) نے ، شدید بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔ IMD نے ممبئی، تھانے اور پالگھر کے ساتھ ساتھ رائے گڑھ، رتناگیری، کولہا پور، ستارہ اور بلدھانہ جیسے کئی اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔

علامتی تصویر

Weather Update: کیرالہ میں 4 جولائی کی رات سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پانی بھر گیا ہے، جس کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئی ہے۔ اس کے علاوہ دریاؤں اور ڈیموں میں پانی کی سطح بڑھ گئی ہے، درختوں کے اکھڑنے کی وجہ سے مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ اور ساحلی علاقوں میں متعدد لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔

ریاست کے چھ اضلاع میں ‘اورنج الرٹ’ جاری

واضح رہے کہ بدھ کے روز شدید بارش جاری رہنے کی وجہ سے ہندوستانی محکمہ موسمیات (IMD) نے ضلع اڈوکی کے لیے ‘ریڈ الرٹ’ اور کولم اور ترواننت پورم کو چھوڑ کر ریاست کے باقی اضلاع کے لیے ‘اورینج الرٹ’ جاری کیا تھا۔ آئی ایم ڈی کی تازہ ترین پیشین گوئی کے مطابق آئندہ چند دنوں میں بارش کی شدت میں کمی متوقع ہے۔ اس کے باوجود، آئی ایم ڈی نے جمعرات کے لیے ریاست کے چھ اضلاع میں ‘اورنج الرٹ’ جاری کیا۔

سی ایس آئی چرچ شدید بارش میں تباہ

بتا دیں کہ دن کے وقت موسلا دھار بارش ہونے کی وجہ سے ریاست کے کئی حصوں میں درخت اکھڑ گئے، جس سے کئی مکانات اور گاڑیوں کو کافی نقصان پہنچا، بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں اور گھنٹوں تک نقل و حمل متاثر رہا۔ وہیں پتھن متھٹا ضلع میں 130 سال سے زیادہ قدیم سی ایس آئی چرچ شدید بارشوں میں تباہ ہو گیا اور تریشور ضلع کے کچھ علاقوں میں اچانک آندھی نے بڑے بڑے درخت اکھاڑ دیے اور بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں۔ وہیں کوزی کوڈ ضلع کے تھماراسری تعلقہ میں منگل کے روز خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ندی میں ایک 68 سالہ شخص بہہ گیا اور فائر فائٹرز اور امدادی کارکن اس کی تلاش کر رہے ہیں۔

آج ممبئی میں شدید بارش کا امکان

دوسری جانب جمعرات کے روز ممبئی میں شدید بارش کا امکان ہے، ہندوستان کے محکمہ موسمیات (IMD) نے ، شدید بارش کا انتباہ جاری کیا ہے۔ IMD نے ممبئی، تھانے اور پالگھر کے ساتھ ساتھ رائے گڑھ، رتناگیری، کولہا پور، ستارہ اور بلدھانہ جیسے کئی اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔

شام کے وقت زیادہ بارش کا امکان

آئی ایم ڈی نے سندھو درگ اور رتناگیری اضلاع کے لیے 6 اور 7 جولائی کے درمیان ریڈ الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ “ممبئی میں جمعرات کے روز 110 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا سکتی ہے، شام کے وقت بارش کی شدت میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ بتا دیں کہ آئی ایم ڈی نے بدھ کے روز بھی ممبئی اور تھانے کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا تھا، تاہم بعد میں انتباہ کو گھٹا کر پیلا الرٹ کر دیا گیا۔

بھارت ایکسپریس۔