Bharat Express

Hathras Satsang Stampede: یوپی کے ہاتھرس میں مہلوکین کی تعداد 100 سے زائد ہوگئی، مہلوکین کو 2-2 لاکھ معاوضے کا اعلان

اترپردیش واقع ہاتھرس میں ایک ستسنگ کے دوران مچے بھگدڑ میں 27 افراد کی موت ہوگئی۔ ایٹہ کے سی ایم او نے لوگوں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔

اترپردیش واقع ہاتھرس ضلع میں ست سنگ کے دوران پیش آئے حادثہ میں مہلوکین کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، یہ تعداد 100 سے بھی زائد ہوگئی ہے۔ کچھ میڈیا خبروں کے مطابق، یہ تعداد 122 تک پہنچ گئی ہے۔ جبکہ 150 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ مہلوکین کے لئے حکومت کی طرف سے معاوضے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے مہلوکین کے لئے 2-2 لاکھ روپئے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے جبکہ زخمیوں کو بہترعلاج فراہم کرانے کی بات کہی گئی ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ خود اس حادثے پرنظربنائے ہوئے ہیں اورخبر ہے کہ کل وہ خود ہاتھرس کا دورہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق، ہاتھرس میں بابا بھولے ناتھ ست سنگ میں حصہ لینے گئے عقیدتمندوں کے ساتھ بڑا حادثہ ہوگیا، جوانتہائی مایوس کن ہے۔ پہلے خبرآئی تھی کہ یہاں ست سنگ میں حصہ لینے پہنچے 27 افراد کی ایک بھگدڑ میں موت ہوگئی ہے، لیکن اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کی تصدیق ایٹہ کے چیف میڈیکل آفیسرنے کی۔ جانکاری کے مطابق، بھولے بابا کے ستسنگ میں بھگدڑمچ جانے کی وجہ سے یہ حادثہ ہوا ہے۔ مہلوکین میں بڑی تعداد میں خواتین بھی شامل ہیں۔ ایٹہ کے سی ایم اوڈاکٹرامیش کمارترپاٹھی نے 27 لاشوں (ڈیڈ باڈی) کی تصدیق کی تھی، لیکن اب یہ تعداد کافی بڑھ گئی ہے

اطلاعات کے مطابق، ہاتھرس ضلع کے سکندرا راؤ تھانہ علاقے کے پھلرئی گاؤں میں چل رہے بھولے بابا کے ستسنگ میں بھگدڑ مچ گئی۔ اس دوران دیگرعقیدت مندوں کی موت ہوگئی۔ مہلوکین کی لاشیں ایٹہ میڈیکل کالج پہنچائی گئی ہیں۔ ایٹہ کے ایس ایس پی راکیش پرتاپ سنگھ نے کہا کہ یہ بھولے بابا کے ستسنگ میں ہاتھرس ضلع کے سکندرا راؤ تھانہ علاقے کے پھلرئی گاب میں حادثہ ہوا۔

اطلاعات کے مطابق، ستسنگ ختم ہونے کے بعد بھگدڑسے حادثہ ہوا۔ بھگدڑمیں کئی افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ بھولے بابا کے ستسنگ کے اختتام پربھگدڑہوئی۔ بھولے بابا کا ستسنگ ایٹہ ہاتھرس بارڈرکے رتی بھان پورمیں چل رہا تھا۔ کئی زخمیوں کو ایٹہ میڈیکل کالج لایا گیا ہے۔

ہاتھرس کے اس حادثہ پریوپی کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے رنج وغم کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہاتھرس میں ہوئے حادثے پر نوٹس لیتے ہوئے مہلوکین کے سوگوارخاندانوں سے تعزیت کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ یوگی نے حکام کوہدایت دی ہے کہ وہ فوری طورپرجائے حادثہ پرپہنچ کرامدادی کاموں کوتیزکریں۔ وزیراعلیٰ نے زخمیوں کے مناسب علاج کی ہدایات دی ہیں۔

حادثہ کی چشم دید لڑکی جیوتی نے کہا کہ میری ممی بھی حادثے میں زخمی ہوئی ہیں۔ اس نے کہا کہ ہم لوگ شانتی ستسنگ میں گئے تھے۔ ستسنگ ختم ہونے کے بعد ہم لوگ نکلنے لگے۔ بھیڑ بہت زیادہ تھی، تبھی اچانک وہاں بھگدڑ مچ گئی۔ لوگ جہاں جہاں بھاگے۔ نیچے گرنے والوں کی جان چلی گئی۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read