Jammu and Kashmir: راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے جموں وکشمیر میں پہنچنے سے قبل جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ غلام نبی آزاد ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ سیاسی گلیاروں میں غلام نبی آزاد کے کانگریس میں واپسی کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ حالانکہ انہوں نے ان قیاس آرائیوں کو ازسرنو مسترد کردیا ہے، لیکن کانگریس سے متعلق دیئے گئے ان کے ایک بیان سے سیاسی پنڈت کچھ اور مطلب نکال رہے ہیں۔ سال 1980 سے 2020 تک کانگریس اوراقتدارکے اعلیٰ مقام پرفائز رہے غلام نبی آزاد گزشتہ تین ماہ سے وادی میں جدوجہد کررہے ہیں۔ کانگریس چھوڑنے کے بعد غلام نبی آزاد کے بی جے پی کے ساتھ جانے کی بھی قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں۔ ایسا کہا جا رہا ہے کہ بہت زیادہ دنوں تک غلام نبی آزاد اکیلے نہیں رہ پائیں گے۔ یا تو وہ بی جے پی سے اتحاد کریں گے یا پھر کانگریس میں واپسی کے لئے راستہ ہموار کریں گے۔
کانگریس کی ‘بھارت جوڑو یاترا’ ہریانہ میں اپنے دوسرے مرحلے کے پہلے دن جمعہ کی صبح سنولی پانی پت روڈ سے پھر سے شروع ہوچکی ہے۔ یاترا کے پیش نظرکانگریس نے پریس کانفرنس بھی کی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا رکن کے سی وینوگوپال نے کہا کہ اب سے دو ہفتے بعد ‘بھارت جوڑو یاترا’ جموں وکشمیر میں داخل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کئی لوگ جو کانگریس کو چھوڑکر چلے گئے تھے وہ دوبارہ پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔
کے سی وینو گوپال نے کہا، ‘کانگریس کے نظریے کی حمایت کرنے والا ہر شخص اس یاترا سے جڑگیا ہے’۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے سابق نائب وزیراعلیٰ تارا چند، تین بار وزیر رہے محمد سعید، سابق رکن اسمبلی بلونت سنگھ تمام 17 بڑے لیڈران کانگریس میں شامل ہوگئے ہیں۔ کے سی وینو گوپال نے اس دوران غلام نبی آزاد پر بھی تبصرہ کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا، ‘غلام نبی آزاد سیکولر ہیں یا نہیں، یہ آپ طے کیجئے’۔
غلام نبی آزاد نے کیا کہا تھا؟
جموں وکشمیرمیں ایک پریس کانفرنس کے دوران غلام نبی آزاد نے کہا کہ کانگریس ہی بی جے پی کو چیلنج دے سکتی ہے۔ پارٹی لمبے وقت سے سبھی لوگوں کو چاہے ہندو ہوں، مسلمان ہوں یا پھر کسانوں کو سبھی کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ غلام نبی آزاد کے اس جملے نے کانگریس میں لوٹنے کی قیاس آرائی کو تقویت دی ہے۔ کانگریس سے بغاوت کے بعد ان کے ساتھ کھڑے ہونے والے لیڈران کانگریس میں پھر سے واپس لوٹ چکے ہیں۔ اس کے بعد غلام نبی آزاد کمزور ہوتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
-بھارت ایکسپریس