نئی دہلی : شمالی ہند اس وقت شدید سردی، گھنے کہرے اور فضائی آلودگی کے دوہرے بلکہ تہری حملے کی زد میں ہے۔ دہلی این سی آر سے لے کر بہار تک سرد موسم نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق میدانی علاقوں میں گھنے کہرے کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہو گئی ہے، جب کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کے امکانات برقرار ہیں۔ موسم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے آئی ایم ڈی نے کئی ریاستوں میں یلو اور اورنج الرٹ جاری کیا ہے اور آئندہ چند دنوں میں کسی بڑی راحت کے آثار کم بتائے گئے ہیں۔اتر پردیش میں مشرقی اور مغربی دونوں حصوں میں گھنے سے انتہائی گھنے کہرے کی وارننگ دی گئی ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 5 سے 10 ڈگری سیلسیس تک گرنے کا امکان ہے، جس کے باعث شیت دن جیسی صورتحال بنی ہوئی ہے۔ لکھنؤ، وارانسی اور آگرہ جیسے شہروں میں کہرے نے سڑک اور ریل ٹریفک کو متاثر کیا ہے۔ مغربی اتر پردیش میں دہلی کے اثر کے باعث آلودگی کی سطح بھی بلند ہے۔
پنجاب اور ہریانہ میں بھی سرد لہر کے آثار نمایاں ہیں۔ امرتسر، چندی گڑھ اور حصار میں کم سے کم درجہ حرارت 4 سے 8 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا اندازہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے سرد لہر کا الرٹ جاری کرتے ہوئے فصلوں پر ممکنہ منفی اثرات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ ان ریاستوں میں فضائی آلودگی کی سطح خراب سے بہت خراب زمرے میں بنی ہوئی ہے، جس میں پرالی جلانے کے واقعات بھی اضافہ کر رہے ہیں۔دوسری جانب جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش میں مغربی ڈسٹربینس کے اثر سے برفباری نے سیاحوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی ہے۔ سری نگر، گلمرگ اور شملہ جیسے علاقوں میں تازہ برف نے سیاحتی سرگرمیوں کو بڑھاوا دیا ہے،قابل ذکر بات یہ ہے کہ بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی برقرار ہے۔ درجہ حرارت نقطۂ انجماد سے نیچے رہنے کے باعث سخت سردی جاری ہے۔
خراب موسم کا اثر فضائی خدمات پر بھی پڑا ہے۔ گھریلو ایئرلائن انڈیگو نے خراب موسمی حالات کے پیش نظر مختلف ہوائی اڈوں پر 57 پروازیں منسوخ کر دی ہیں، جب کہ اتوار کے لیے بھی متعدد پروازیں رد کی گئی ہیں۔ دہلی، چندی گڑھ، ممبئی، کولکاتا، بنگلورو، چنئی، جے پور اور دیگر شہروں سے اڑان بھرنے والی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ شہری ہوا بازی کے نگران ادارے ڈی جی سی اے نے 10 دسمبر سے 10 فروری تک کے عرصے کو باضابطہ طور پر کوہرے کا موسم قرار دیا ہے۔ماہرین صحت نے سردی، آلودگی اور کہرے کے پیش نظر بزرگوں اور بچوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کا مشورہ دیا ہے، کیونکہ آئندہ دنوں میں موسم کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


