Bharat Express DD Free Dish

Double-Engine Govt: وزیراعظم مودی کا اپوزیشن پر حملہ، کہا-’’بنگال میں ترقیاتی خلا تیزی سے پُرکر رہی ہے ڈبل انجن حکومت‘‘

ہگلی میں پی ایم کسان کی 23ویں قسط جاری، متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں سے بنگال کی معیشت کو نئی رفتار ملے گی۔ 

ہگلی: وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور این ڈی اے کی ’’ڈبل انجن حکومت‘‘ گزشتہ کئی دہائیوں میں پیدا ہونے والے ترقیاتی خلا کو پُر کرنے کے لیے انتہائی تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے اور برسوں سے رکے ہوئے منصوبوں کو دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔ تارکیشور میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پردھان منتری کسان سمان ندھی (پی ایم-کسان) کی 23ویں قسط جاری کی، مغربی بنگال میں پردھان منتری فصل بیمہ یوجنا کا آغاز کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے، سڑک، زراعت اور ماہی پروری سمیت مختلف شعبوں میں کروڑوں روپے کے منصوبوں سے ریاست کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی اور دیہی معیشت مضبوط ہوگی۔

مغربی بنگال ڈے کی تاریخی اہمیت اجاگر

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ نوجوان نسل کو مغربی بنگال ڈے کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کرنا ضروری ہے۔ ان کے مطابق تقسیم ہند کے دوران پورے بنگال کو پاکستان میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن شیاما پرساد مکھرجی نے اس کی بھرپور مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ اپریل 1947 میں شیاما پرساد مکھرجی کی کوششوں سے ایک تاریخی قرارداد منظور ہوئی، جس کے نتیجے میں پورا بنگال پاکستان کا حصہ نہیں بن سکا اور مغربی بنگال بھارت کے ساتھ برقرار رہا۔ وزیر اعظم نے الزام لگایا کہ بعد کے برسوں میں سیاسی مفادات کی خاطر مغربی بنگال ڈے اور اس کی روح کو فراموش کرنے کی کوشش کی گئی اور ریاست کی تاریخ کو مسخ کیا گیا۔

کانگریس پر خوشامد کی سیاست کا الزام

وزیراعظم نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ تقسیم کے وقت اس نے سازش کرنے والوں کے سامنے جھکنے کا رویہ اختیار کیا اور بعد میں مغربی بنگال میں بھی خوشامد کی سیاست کی۔ انہوں نے کہا کہ شیاما پرساد مکھرجی کی خدمات کو ان کے سیاسی کردار کی وجہ سے مناسب مقام نہیں دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی بنگال ڈے صرف ایک تاریخ کو یاد کرنے کا نام نہیں بلکہ ریاست کی صدیوں پرانی تہذیب، ثقافت اور تاریخی ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا موقع ہے۔

20 جون کو منایا جاتا ہے مغربی بنگال ڈے

واضح رہے کہ مغربی بنگال ڈے (پشچم بنگا دیوس) ہر سال 20 جون کو ریاست کے یومِ تاسیس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس دن 1947 میں بنگال قانون ساز اسمبلی نے ماؤنٹ بیٹن پلان کے تحت بنگال کی تقسیم کے حق میں ووٹنگ کی تھی، جس کے بعد مغربی بنگال کی تشکیل کی راہ ہموار ہوئی۔

بھارت ایکسپریس اردو۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read