لکھنؤ کے اندرا گاندھی پرتشٹھان آڈیٹوریم میں اترپردیش پرنسپل کونسل کے زیراہتمام منعقدہ 48ویں ریاستی کانفرنس میں تعلیمی نظام، اخلاقی اقداراورطلبا کی ہمہ جہت ترقی پرتفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ اوراترپردیش کے سابق نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما نے اساتذہ اورپرنسپل کے کردارکومعاشرے کی تعمیرکی سب سے اہم کڑی قراردیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر دنیش شرما نے کہا کہ استاد صرف تعلیم دینے والا فرد نہیں بلکہ ملک کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے۔ ان کے مطابق ایک استاد ہی انسان کی زندگی کو نئی سمت دیتا ہے اورمعاشرے کی سوچ کی رہنمائی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرو کا مقام سب سے بلند اس لیے مانا گیا ہے کہ وہ ایک طالب علم کوارجن جیسا بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ استاد خود دروناچاریہ کا کردارادا کرتا ہے۔
تعلیمی نظام میں اصلاحات کا ذکر
اپنے دورِوزارتِ تعلیم کویاد کرتے ہوئے ڈاکٹردنیش شرما نے کہا کہ اس وقت تعلیمی نظام میں کئی اہم اصلاحات نافذ کی گئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ ’’خوشحال استاد‘‘ کے تصور پرخصوصی توجہ دی گئی، کیونکہ اگراستاد ذہنی اورمعاشی طورپرمطمئن نہ ہوتومعیاری تعلیم فراہم نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری کالجوں میں عارضی اساتذہ کومستقل کرنا، اساتذہ کوپروفیسرکا عہدہ دینا، شکشا متراوردیگراساتذہ کی تنخواہوں میں اضافہ جیسے فیصلے اسی سوچ کا حصہ تھے۔ ڈاکٹردنیش شرما نے مزید بتایا کہ کئی اساتذہ کوتقرری کے خطوط گھربیٹھے فراہم کئے گئے، جس سے تقرری کا عمل آسان اورشفاف بنایا گیا۔ اس کے علاوہ پرنسپل کے عہدے پر تقرری میں سینئرٹی کوترجیح دینے کا نظام بھی نافذ کیا گیا تھا۔
نقل کے خلاف سختی اوراسکولوں کی ترقی
انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ دورمیں اترپردیش کے تعلیمی نظام میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ ان کے مطابق ریاست نقل سے پاک امتحانی نظام کی مثال بن چکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اسکولوں اورتعلیمی اداروں کے بنیادی ڈھانچے میں بھی بڑے پیمانے پربہتری لائی گئی ہے، جس سے تعلیمی ماحول مزید بہترہوا ہے۔ اپنے خطاب کے اختتام پرڈاکٹرشرما نے کہا کہ جوشخص ہمیشہ ماضی میں جیتا ہے، وہ حقیقی خوشی حاصل نہیں کرسکتا۔ بہتر مستقبل کی بنیاد موجودہ وقت میں رہ کرہی رکھی جا سکتی ہے، جبکہ عوامی نمائندوں کواپنے فرائض پوری دیانت داری سے انجام دینے چاہئے۔
پرنسپل کے مطالبات پر مثبت یقین دہانی
کانفرنس کے دوران پرنسپل کونسل کی جانب سے پیش کیے گئے مطالبات پربھی ڈاکٹردنیش شرما نے ردعمل کا اظہارکیا۔ کونسل نے تجویزدی کہ سب سے سینئراستاد کو پرنسپل مقررکیا جائے اوربعض عہدوں پرتقرری براہِ راست سینئرٹی کی بنیاد پرکی جائے۔ اس پرسابق نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹردنیش شرما نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس معاملے کووزیراعلیٰ اوروزیرثانوی تعلیم کے سامنے ضروراٹھائیں گے اورمناسب حل کی کوشش کریں گے۔
بھارت ایکسپریس اردو-
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔
