نئی دہلی: دہلی اور این سی آر میں سردی کی شدت مسلسل بڑھتی جا رہی ہے۔ گھنے کوہرے، سرد لہر اور زہریلی ہوا نے عوام کی مشکلات میں غیر معمولی اضافہ کر دیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق بدھ 14 جنوری کو قومی دارالحکومت میں زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت تقریباً 20 ڈگری سیلسیس جب کہ کم سے کم درجۂ حرارت 4 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ دوپہر کے وقت 5 سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سرد ہوائیں چل سکتی ہیں، جس کے باعث سردی مزید تیز محسوس ہوگی۔
گھنے کہرے کا اورنج الرٹ، ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ
دہلی-این سی آر میں گھنے کوہرے کے پیش نظر اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ صبح سویرے اور دیر رات حدِ نگاہ انتہائی کم رہنے کا امکان ہے، جس سے سڑک اور ریل دونوں طرح کی آمدورفت متاثر ہو سکتی ہے۔ انتظامیہ نے ڈرائیوروں کو محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
سرد لہر سے عوام پریشان
سرد لہر کا اثر بدستور برقرار ہے۔ منگل کی صبح دہلی میں کم سے کم درجۂ حرارت 3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو گزشتہ تین برسوں میں جنوری کی سب سے سرد صبح قرار دی جا رہی ہے۔ وہیں نوئیڈا میں پارہ 2 ڈگری سیلسیس تک گر گیا، جس سے لوگ شدید سردی کے باعث ٹھٹھرتے نظر آئے۔
ہوا انتہائی آلودہ، اے کیو آئی 615 ریکارڈ
سردی اور کہرے کے ساتھ دہلی کی فضائی آلودگی بھی خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ 14 جنوری کو دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس615 ریکارڈ کیا گیا، جو “انتہائی سنگین” زمرے میں آتا ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسی زہریلی ہوا صحت کے لیے نہایت نقصان دہ ہے۔ بزرگوں، بچوں اور سانس کی بیماریوں میں مبتلا افراد کو خاص طور پر احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
15 سے 20 جنوری کے درمیان ممکنہ راحت
بھارت محکمۂ موسمیات کے مطابق 15 سے 20 جنوری کے درمیان درجۂ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو سکتا ہے۔ اس دوران زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 23 ڈگری اور کم سے کم درجۂ حرارت تقریباً 10 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا اندازہ ہے، تاہم صبح کے وقت ہلکا سے درمیانہ کوہرا برقرار رہ سکتا ہے۔
15 جنوری سے موسم میں تبدیلی کا امکان
بھارت محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ 15 جنوری سے مغربی ہمالیائی خطے میں زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوسکتا ہے، جس کا اثر دہلی-این سی آر میں بھی دکھائی دے گا۔ اس کے نتیجے میں 19 جنوری تک آسمان پر جزوی بادل چھائے رہ سکتے ہیں اور درجۂ حرارت میں معمولی اضافہ ہو سکتا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہےکہ 20 سے 23 جنوری کے درمیان بارش کے ساتھ اولہ باری کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موسم ایک بار پھر کروٹ لے سکتا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


