Bharat Express

Delhi Assembly Election:  عام آدمی پارٹی نے دہلی میں لگائی ہورڈنگز، بی جے پی سے پوچھا وزیراعلیٰ کا نام

دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان منگل کو کیا گیا تھا۔ دہلی کی 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے 5 فروری کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی، جب کہ نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔

عام آدمی پارٹی کی دہلی میں ہورڈنگز۔

نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی سیاسی جماعتوں کے درمیان پوسٹر وار شروع ہو گئی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے قومی راجدھانی کی سڑکوں پر ہورڈنگز لگوا دی ہیں، جس میں بی جے پی سے وزیر اعلیٰ کے نام  کو لے کر سوال پوچھے گئے ہیں۔ اسے ایک گالی گلوچ جماعت بھی قرار دیا گیا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے اس ہورڈنگ پر ایک طرف اروند کیجریوال کی تصویر ہے تو دوسری طرف سوالیہ نشان چھپا ہوا ہے۔ ہورڈنگ کے اوپر لکھا ہے کہ دہلی کا سی ایم کون؟ اس کے بعد اروند کیجریوال کی تصویر کے ساتھ عام آدمی پارٹی کا نام لکھا گیا ہے۔ جب کہ دوسری جانب سوالیہ نشان کے ساتھ ’گالی گلوچ  پارٹی‘ لکھا ہوا ہے۔

یہ ہورڈنگ عام آدمی پارٹی نے وزیر پور فیز 1 اشوک وہار، دہلی میں لگائی ہے۔ اس کے علاوہ شادی پور ڈپو پر ایک اور ہورڈنگ لگائی گئی ہے۔ اس سے قبل عام آدمی پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک ویڈیو پوسٹ کر بی جے پی سے سوالات پوچھے تھے۔

ویڈیو میں پوچھا گیا کہ بنا دولہے کا گھوڑا کس کا ہے۔ کیا یہ گھوڑا بی جے پی کا ہے؟ بی جے پی کا ہے تو دولہے کا نام بتائیں۔ اس ویڈیو کے کیپشن میں لکھا گیا، ’’بھاجپا والو، تمہارا دولہا کون ہے؟‘‘ اس ویڈیو کے ذریعے عام آدمی پارٹی سی ایم چہرے کو لے کر سوال اٹھا رہی ہے۔

عام آدمی پارٹی کے ویڈیو پر بی جے پی نے بھی ایک نیا پوسٹر جاری کیا تھا۔ عام آدمی پارٹی کے خلاف اس پوسٹر میں بی جے پی نے کہا، ’عآپ-دا جائے گی، بھاجپا آئے گی۔

آپ کو بتا دیں کہ دہلی اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان منگل کو کیا گیا تھا۔ دہلی کی 70 اسمبلی سیٹوں کے لیے 5 فروری کو ایک ہی مرحلے میں ووٹنگ ہوگی، جب کہ نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔

دہلی اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے درمیان سخت مقابلہ ہونے کی امید ہے۔ کانگریس بھی اپنے امیدوار میدان میں اتار رہی ہے۔   جس انڈیا بلاک میں عام آدمی پارٹی اور کانگریس شامل ہے، اس کے ہی اتحادیوں ٹی ایم سی اور ایس پی نے حکمراں عام آدمی پارٹی کی دہلی اسمبلی انتخابات میں حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read