وزیر اعلیٰ نےگاڑی پلٹنے کی جگہ ضرور بتائی ہوگی - عتیق کو گجرات سے یوپی لانے کی خبر پر اکھلیش کا طنز
Umesh Pal Murder Case: امیش پال قتل کیس کے اہم سازشی کو گجرات کی سابرمتی جیل سے یوپی لائے جانے کی خبر سامنے آتے ہی ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں اکھلیش نے کہا، ’’وزیر اعلیٰ نے وہ جگہ ضرور بتائی ہوگی جہاں گاڑی پلٹے گی۔‘‘
عتیق کو بذریعہ سڑک یوپی لانے کا معاملہ سامنے آرہا ہے۔ اتوار کو یوپی پولیس کی بڑی تعداد عتیق کو لینے گجرات پہنچی۔ عتیق کو ایک کیس میں 28 مارچ کو ایم پی-ایم ایل اے عدالت میں پیش کیا جانا ہے۔ اسی لیے پولیس اسے لینے گجرات پہنچی تھی۔ ایسے میں اکھلیش یادو کا گاڑی الٹنے کا بیان یوگی حکومت پر کئی سوال اٹھا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں- Umesh Pal Murder Case: سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کے بیٹے کے قریب پہنچی یوپی پولیس، آگرہ میں زبردست چھاپہ ماری
جب اکھلیش یادو سے صحافیوں کے ذریعہ عتیق سے متعلق سوالات پوچھے گئے تو انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے پولیس والوں کو پہلے ہی بتا دیا ہوگا جو عتیق کو گجرات سے لانے گئے ہیں کہ گاڑی الٹنے کی جگہ کہاں ہوگی۔ اکھلیش نے مزید کہا، “مجھے نہیں معلوم، وزیر اعلیٰ نے انہیں پہلے ہی فون کر کے کہا ہوگا کہ وہ اس جگہ گاڑی پر پلٹا دینا… اور میں نے اس وقت بھی کہا تھا کہ جس وقت آپ گوگل اور امریکہ سے مدد لیں گے، آپ کو پتہ چل جائے گا کہ گاڑی کس وقت الٹی اور کس نے الٹی۔ یہ سب ریکارڈ ہے، سب کچھ سیٹلائٹ میں ہوگا… یہ ریکارڈ ختم ہونے والا نہیں ہے۔ یہ غلطی نہ کریں… تین چار سال بعد بھی اگر آپ امریکہ سے درخواست کریں گے تو وہ ریکارڈ نکال کر دے گا… آپ کو پتہ چل جائے گا کہ گاڑی کیسے الٹی…‘‘
…تو اس لیے اکھلیش نے گاڑی پلٹنے کے بارے میں کہا
واضح رہے کہ جولائی 2020 میں، وکاس اور اس کے حواریوں نے پولیس پر گولی چلا دی تھی جو کانپور کے بیکارو گاؤں میں بدنام زمانہ گینگسٹر وکاس دوبے کے گھر اسے گرفتار کرنے پہنچی تھی۔ اس واقعے میں ایک پولیس افسر سمیت 8 پولیس اہلکار شہید ہوئے۔ تب وکاس دوبے اس واردات کو انجام دینے کے بعد فرار ہو گیا تھا، لیکن پھر اس نے اجین کے مہاکال مندر میں پولیس کے سامنے خودسپردگی کر دی۔ یوپی پولیس اسے بھوپال سے یوپی لا رہی تھی، لیکن گاڑی درمیان میں ہی الٹ گئی۔ پولیس نے اس وقت بتایا تھا کہ گاڑی الٹتے ہی وکاس نے بھاگنے کی کوشش کی تھی۔ اس مقابلے کے دوران اسے پولیس نے گولی مار دی، جس میں وہ بری طرح زخمی ہوا اور ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیاتھا۔
-بھارت ایکسپریس