Bharat Express

Lok Sabha Election 2024: لوک سبھا الیکشن میں کسی بھی الائنس میں شامل نہیں ہوگی بی ایس پی، مایاوتی نے کردیا بڑا اعلان

بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے اکیلے دم پرلوک سبھا الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ پارٹی مضبوطی کے ساتھ الیکشن لڑ رہی ہے، جس سے مخالفین پریشان ہیں۔ سیاسی گلیاروں میں بحث جاری تھی کہ بی ایس پی جلد ہی کانگریس کے ساتھ الائنس کرسکتی ہے۔

مایاوتی نے دھننجے سنگھ کی اہلیہ کا ٹکٹ کاٹ دیا ہے۔ (فائل فوٹو)

بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی سے متعلق کہا جا رہا تھا کہ وہ کانگریس کے ساتھ الائنس کرسکتی ہیں اوراپنے پرانے وعدے کو پلٹ سکتی ہیں۔ حالانکہ انہوں نے اس طرح کی خبروں کو افواہ بتایا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پارٹی اکیلے اپنے دم پرلوک سبھا الیکشن لڑنے جا رہی ہے۔ وہ کسی بھی پارٹی سے الائنس نہیں کریں گی۔ مایاوتی کی پارٹی نے گزشتہ لوک سبھا الیکشن میں سماجوادی پارٹی سے الائنس کیا تھا۔

مایاوتی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پرٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا، ’’بی ایس پی ملک میں لوک سبھا کے عام انتخابات میں اکیلے اپنے دم پرپوری تیاری اورمضبوطی کے ساتھ الیکشن لڑرہی ہے۔ ایسے میں انتخابی الائنس یا تیسرا مورچہ بنانے کی افواہ پھیلانا بالکل فرضی اورغلط خبرہے۔ میڈیا ایسی شرارتی خبریں دے کراپنی شبیہ داغدارنہ کرے۔ عوام بھی محتاط رہیں۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’یوپی میں بی ایس پی کے کافی مضبوطی کے ساتھ اکیلے الیکشن لڑنے کے سبب مخالفین کافی بے چین لگتے ہیں، اس لئے یہ آئے دن قسم قسم کی افواہیں پھیلاکر لوگوں کوگمراہ کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، لیکن بہوجن سماج کے مفاد میں بی ایس پی کا اکیلے الیکشن لڑنے کا فیصلہ برقرارہے۔‘‘

مایاوتی نے تلنگانہ میں بی آرایس سے کیا الائنس

سیاسی گلیاروں میں بحث تھی کہ مایاوتی کانگریس سے ہاتھ ملا سکتی ہیں اوران کی پارٹی یوپی کے علاوہ دیگرریاستوں میں بھی الائنس کے لئے ساتھی کی تلاش میں ہے۔ ایسا اس لئے بھی کہا جا رہا تھا کہ گزشتہ لوک سبھا الیکشن کے دوران مایاوتی نے اکیلے دم پرانتخابی میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن بعد میں سبھی کوحیران کردیا تھا۔ انہوں نے اپنے مخالف سماجوادی پارٹی سے الائنس کیا تھا۔ اس باربھی مایاوتی نے کچھ ہفتے پہلے پریس کانفرنس کرکے اعلان کیا تھا کہ ان کی پارٹی اکیلے لوک سبھا الیکشن لڑے گی۔  کہا جا رہا تھا کہ بی ایس پی اورکانگریس کے الائنس سے دونوں پارٹیوں کو مغربی اترپردیش میں فائدہ ملے گا۔ اگرالائنس ہوجاتا ہے تو دلت-مسلم الائنس کا فائدہ مل سکتا ہے۔ بی ایس پی نے لوک سبھا الیکشن کے لئے تلنگانہ میں بھارت راشٹریہ سمیتی (بی آرایس) سے الائنس کیا ہے۔ دونوں پارٹیاں مل کرالیکشن لڑرہی ہیں۔

بھارت ایکسپریس۔

Also Read