دیدی کے الزام پر بی جے پی کا جواب
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی ہفتہ (27 جولائی) کو نیتی آیوگ کی میٹنگ سے اٹھ کر چلی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اجلاس میں بولنے کا موقع نہیں دیا گیا اور وہ احتجاجاً اجلاس سے باہر آگئیں۔ اب بھارتیہ جنتا پارٹی نے اس پر جوابی حملہ کیا ہے۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ لاکٹ چٹرجی نے ممتا بنرجی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں (ممتا بنرجی) کو وزیر اعظم بننا ہے، اسی لیے وہ یہ سب کر رہی ہیں۔
بی جے پی لیڈر لاکٹ چٹرجی نے پریس کانفرنس میں کہا، “ممتا بنرجی جھوٹ بول رہی ہیں۔ پی آئی بی فیکٹ چیک نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔ انہیں وزیر اعظم بننا ہے، وہ ایک بڑی لیڈر ہیں۔ اس لیے وہ یہ سب کر رہی ہیں۔ ٹی ایم سی کی سیاست ڈرامے سے بھری ہوئی ہے۔” ممتا دیدی کو مغربی بنگال کا بھلا کرنے کی کوئی خواہش نہیں ہے اسی لیے وہ میٹنگ سے پہلے ہی چلی گئیں۔
نرملا سیتا رمن نے کیا کہا؟
بی جے پی کے دیگرلیڈران نے بھی اسے پہلے سے منصوبہ بند اقدام قرار دیا، جبکہ وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے کہا کہ ہر وزیر اعلیٰ کو بولنے کے لیے مناسب وقت دیا گیا تھا۔ وزیر خزانہ نے ممتا بنرجی پر جھوٹ پر مبنی کہانی گھڑنے کا بھی الزام لگایا۔
ادھیر رنجن چودھری نے بھی ممتا بنرجی کو نشانہ بنایا
بی جے پی کے علاوہ کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے بھی ممتا بنرجی پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جھوٹ بول رہی ہیں۔ ادھیر رنجن چودھری نے کہا، “ممتا بنرجی نیتی آیوگ میٹنگ کے بارے میں جو کچھ بھی کہہ رہی ہیں، مجھے لگتا ہے کہ وہ جھوٹ بول رہی ہیں۔ یہ بہت حیران کن ہے کہ کسی ریاست کے وزیر اعلی کو بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ممتا بنرجی کو معلوم تھا کہ وہاں کیا ہونے والا ہے اور ان کے پاس مکمل اسکرپٹ تھا۔
بھارت ایکسپریس–