Bharat Express

Lok Sabha Election 2024: اندور سے الیکشن لڑ رہے آر ایس ایس کے سابق پرچارک سے بی جے ہوئی پریشانی، نامزدگی واپس لینے کو کہا تو ابھے جین نے کہہ دی یہ بڑی بات

جین کا نام نومبر 2023 کے اسمبلی انتخابات میں سیاسی حلقوں میں پہلی بار اس وقت بحث میں آیا جب انہوں نے 3.64 لاکھ ووٹروں والی اندور-1 سیٹ سے انتخاب لڑا تھا۔

ابھے جین نے

اندور: اندور لوک سبھا حلقہ سے آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں اترے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سابق پرچارک ابھے جین نے پیر کے روز دعویٰ کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیڈران نے ان سے ملاقات کی اور ان کی کاغذات نامزدگی واپس لینے کی “درخواست” کی تھی۔ بی جے پی نے جین کے دعوے کو یکسر مسترد کر دیا اور کہا کہ وہ محض تشہیر حاصل کرنے کے لیے “خیالی” بات کر رہے ہیں۔

جین “جنہت پارٹی” کے سربراہ ہیں جسے سنگھ کے سابق پرچارکوں نے بنایا تھا۔ اس نئی جماعت کو ابھی تک الیکشن کمیشن کی پہچان نہیں ملی۔ یہ پارٹی اندور کو منشیات اور “پیسے کی طاقت اور بازو کے زور کی سیاست” سے پاک کرنے کے اہم وعدوں کے ساتھ الیکشن لڑ رہی ہے۔ جین نے اندور پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بی جے پی کے چار لیڈران 27 اپریل کو دیر گئے ان کے گھر ان سے ملاقات کے لیے آئے تھے۔

انہوں نے کہا، “بی جے پی لیڈروں نے، سنگھ کے دنوں کے پرانے رشتوں کا حوالہ دیتے ہوئے مجھ سے درخواست کی کہ وہ مجھے الیکشن لڑتے ہوئے دیکھ کر خوش نہیں ہیں اور مجھے ایک پرانے انتخابی کردار میں کام کرنا چاہیے۔”

جین نے دعویٰ کیا کہ ان سے ملنے آنے والے بی جے پی لیڈروں میں ریاستی کابینہ کے وزیر کیلاش وجے ورگیہ، مقامی ایم ایل اے رمیش میندولا، بی جے پی سٹی یونٹ کے صدر گورو رندیوے اور پارٹی کے ایک اور لیڈر نانورام کماوت شامل تھے۔

سنگھ کے سابق پرچارک نے کہا کہ انہوں نے بی جے پی لیڈروں کے نام واپس لینے کی درخواست کو مسترد کر دیا کیونکہ ان کے انتخابی مہم سے دستبردار ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔

انہوں نے کہا، ”میں نے ان بی جے پی لیڈروں سے پوچھا کہ کیا سیاست بری چیز ہے اور الیکشن لڑنا بری چیز ہے؟ میں نے ان سے یہ بھی پوچھا کہ کیا ہماری پارٹی کے معاملات اور کام کرنے کا انداز خراب ہے یا ہمارے طرز عمل میں کچھ غلط ہے؟

جین کے دعوے کے بارے میں پوچھے جانے پر، بی جے پی کے ریاستی ترجمان گووند مالو نے کہا، ’’جین صرف خبروں میں رہنے اور تشہیر حاصل کرنے کے لیے خیالی باتیں کر رہے ہیں۔ اس انتخابی موسم میں وہ ہمارے لیے اتنا مشکل امیدوار نہیں ہیں کہ ہم کاغذات نامزدگی واپس لینے کے لیے ان سے ملنے جائیں۔

جین کا نام نومبر 2023 کے اسمبلی انتخابات میں سیاسی حلقوں میں پہلی بار اس وقت بحث میں آیا جب انہوں نے 3.64 لاکھ ووٹروں والی اندور-1 سیٹ سے انتخاب لڑا تھا۔ بی جے پی کے امیدوار کیلاش وجے ورگیہ نے اس سیٹ پر الیکشن جیتا تھا، جب کہ جین کی جمع پونجی ضبط ہوگئی تھی۔

بھارت ایکسپریس۔