بی جے پی لیڈر اسمرتی ایرانی نے راہل گاندھی کی تعریف کی ہے۔ (فائل فوٹو)
Smriti Irani on Rahul Gandhi: اترپردیش کی امیٹھی لوک سبھا سیٹ سے سابق رکن پارلیمنٹ اوربی جے پی لیڈراسمرتی ایرانی نے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے متعلق بڑا بیان دیا ہے۔ اسمرتی ایرانی نے کہا کہ اب راہل گاندھی کی سیاست بدل گئی ہے۔ وہ ایک الگ سیاست کررہے ہیں۔ وہ چاہے آپ کو اچھا لگے یا نہیں، لیکن وہ الگ ہے۔
اسمرتی ایرانی نے ایک صحافی کے پاڈ کاسٹ ٹاپ اینگل میں تمام موضوعات سے متعلق بات کی۔ اس دوران جب ان سے راہل گاندھی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کی سیاست میں تبدیلی آئی ہے۔ انہیں لگتا ہے کہ انہوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اسمرتی ایرانی کا یہ بیان سوشل میڈیا پرسرخیوں میں ہے اورکہا جارہا ہے کہ راہل گاندھی نے خود کووقت کے ساتھ کافی بدلا ہے، جس کی وجہ سے ہی اسمرتی ایرانی ان کی تعریف کرنے پر مجبور ہوئی ہیں۔
راہل گاندھی پر کیا بولیں اسمرتی ایرانی؟
بی جے پی لیڈراورسابق مرکزی وزیراسمرتی ایرانی نے راہل گاندھی سے متعلق کہا کہ “وہ پارلیمنٹ میں ٹی شرٹ پہن رہے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اس سفید ٹی شرٹ سے وہ نوجوان نسل میں کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔ ہم اس غلط فہمی میں نہ رہیں کہ وہ کوئی بھی قدم… وہ قدم چاہے آپ کو اچھا لگے یا برا لگے۔ وہ آپ کو بچکانہ لگے… لیکن وہ اب الگ سیاست کررہے ہیں۔”
سابق رکن پارلیمنٹ اسمرتی ایرانی نے امیٹھی سیٹ پر سال 2019 میں راہل گاندھی کو ہرایا تھا، جس کے بعد وہ اکثر راہل گاندھی اور گاندھی فیملی پر سخت حملے کرتی رہی ہیں۔ حالانکہ راہل گاندھی کی طرف سے ان سے متعلق کبھی کوئی بیان نہیں آیا۔ 2024 کے الیکشن میں جب کانگریس نے اس ہارکا بدلہ لیا اوراسمرتی ایرانی امیٹھی سے ہاریں تو سوشل میڈیا پر وہ نشانے پرآگئی تھیں اوران پر سخت تنقید کی جارہی تھی، جس کے بعد راہل گاندھی نے ایک پوسٹ کے ذریعہ پارٹی کارکنان سے ان پرتبصرہ نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔ حالانکہ راہل گاندھی نے ان کا نام نہیں لیا تھا، لیکن اشارہ اسمرتی ایرانی کی طرف ہی تھا۔ قابل ذکرہے کہ 2024 لوک سبھا الیکشن میں کانگریس لیڈر کشوری لال شرما کے ہاتھوں اسمرتی ایرانی کو بڑی ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بھارت ایکسپریس–