نئی دہلی: لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے راجیہ سبھا کے دو سالہ انتخابات کے سلسلے میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور الیکشن کمیشن آف انڈیا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ ’’بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی جگل بندی‘‘ نے راجیہ سبھا کا انتخابی مقابلہ شروع ہونے سے پہلے ہی ’’سیٹ چوری‘‘ کے ذریعے ختم کر دیا۔
میناکشی نٹراجن کی نامزدگی مسترد ہونے پر اعتراض
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں راہل گاندھی نے کہا کہ مدھیہ پردیش سے کانگریس کی امیدوار میناکشی نٹراجن نے تمام مطلوبہ دستاویزات جمع کرائی تھیں اور ان کے خلاف کوئی زیر التوا معاملہ بھی نہیں تھا، اس کے باوجود بی جے پی کے ایک اعتراض کی بنیاد پر ان کی نامزدگی منسوخ کر دی گئی۔ انہوں نے لکھا: ’’ووٹ چوری اور سرکار چوری کے بعد اب بی جے پی-ای سی کی جوگل بندی نے سیٹ چوری کے ذریعے مقابلہ شروع ہونے سے پہلے ہی ختم کر دیا ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے جھارکھنڈ سے راجیہ سبھا کے آزاد امیدوار پریمل ناتھوانی کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اپنے نامزدگی فارم میں نہ صرف متعدد لازمی معلومات درج نہیں کیں بلکہ اپنا نام بھی غلط لکھ دیا تھا۔ کانگریس رہنما کے مطابق الیکشن کمیشن نے انہیں غلطیاں درست کرنے کے لیے اضافی وقت فراہم کر دیا، جبکہ میناکشی نٹراجن کے معاملے میں ایسا نہیں کیا گیا۔
After Vote Chori and Sarkar Chori – the BJP-EC jugalbandi has finished the contest before it has even begun with Seat Chori.
Look at what happened in the recent Rajya Sabha elections.
Congress candidate Meenakshi Natarajan ji submitted every document. No pending cases. The EC…
— Rahul Gandhi (@RahulGandhi) June 11, 2026
’ایک کو نااہل قرار دیا، دوسرے کو مہلت دی گئی‘
راہل گاندھی نے کہا کہ ایک امیدوار کو بغیر سماعت کے نااہل قرار دے دیا گیا، جبکہ دوسرے امیدوار کو قواعد کی خلاف ورزی کے باوجود رعایت دی گئی۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ جب کانگریس نے اس معاملے پر الیکشن کمیشن سے ملاقات کی درخواست کی تو ابتدا میں کمیشن نے اس سے گریز کیا اور ملاقات کے دوران بھی کوئی واضح جواب نہیں دیا گیا۔
’بی جے پی کیلئے انتخابات کو متاثر کرنا بہت آسان‘
کانگریس رہنما نے اپنے بیان میں کہا کہ مستقبل میں اس طرح کے مزید واقعات دیکھنے کو مل سکتے ہیں کیونکہ ان کے بقول بی جے پی کے لیے انتخابات جیتنے کے مقابلے میں انتخابی عمل کو اپنے حق میں موڑنا زیادہ آسان ہوگیا ہے۔ واضح رہے کہ مدھیہ پردیش میں میناکشی نٹراجن کی نامزدگی منسوخ ہونے کے بعد بی جے پی کے تین امیدوار رجنیش اگروال، ترون چُگ اور مہیش کیوٹ کے راجیہ سبھا میں بلا مقابلہ منتخب ہونے کی راہ تقریباً ہموار ہو گئی ہے۔ کانگریس نے اس معاملے کو جمہوری عمل کے لیے تشویش ناک قرار دیتے ہوئے قانونی اور سیاسی سطح پر جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارت ایکسپریس اردو۔
بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔


