Bharat Express DD Free Dish

Bihar Assembly Session: آر جے ڈی ایم ایل اے احتجاج کے لیے کالے کپڑے پہن کر پہنچے اسمبلی، جے ڈی یو نے کہا- منہ پر بھی کالکھ پوت لیتے

جے ڈی یو کے ایم ایل اے ونے چودھری نے آر جے ڈی ایم ایل اے کی طرف سے لاء اینڈ آرڈر کو لے کر ’کالا کپڑا‘ پہن کر احتجاج کرنے پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگوں کو اب اپنے منہ پر بھی کالکھ پوت لینی چاہئے، کیونکہ انہیں ریاست کے امن و امان پر سوالیہ نشان لگانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے

آر جے ڈی ایم ایل اے احتجاج کے لیے کالے کپڑے پہن کر پہنچے اسمبلی

پٹنہ: بہار اسمبلی کا مانسون اجلاس شروع ہونے کے ساتھ ہی مختلف مدعوں کو لے کر حکمراں جماعت اور اپوزیشن آمنے سامنے ہیں۔ لا اینڈ آرڈر کے مدعے پر ریاستی حکومت کو گھیرنے کے لئے آر جے ڈی کے کئی لیڈر کالے کپڑے پہن کر اسمبلی پہنچے، جس پر جے ڈی یو کے ایم ایل اے نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو کالے کپڑے پہننے کے علاوہ منہ پر بھی کالکھ پوت لینی چاہئے۔

آئی اے این ایس کے ساتھ بات چیت میں، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے ایم ایل اے رنوجے ساہو نے ووٹر نظرثانی مہم کے بارے میں کہا، ’’ایسا کرکے جمہوریت کا قتل کیا جا رہا ہے، جسے کسی بھی قیمت پر قبول نہیں کیا جا سکتا۔ عظیم اتحاد اس معاملے پر نتیش حکومت کے خلاف محاذ کھولے گا۔‘‘

پورے بہار میں غنڈہ گردی کا راج: آر جے ڈی

بہار پولیس کے ’آپریشن لنگڑا‘ پر آر جے ڈی ایم ایل اے نے نتیش حکومت کو لا اینڈ آرڈر کو لے کر کٹہرے میں کھڑا کیا اور کہا کہ بہار میں جرائم پیشہ افراد میں لا اینڈ آرڈر کا کوئی خوف نہیں ہے۔ یہاں عام لوگوں کا جینا مشکل ہو گیا ہے۔ تاجر گوپال کھیمکا کو سرعام قتل کر دیا گیا۔ پٹنہ کے پارس اسپتال میں داخل چندن مشرا کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پورے بہار میں غنڈہ گردی کا راج ہے۔ بہار دہشت کے سائے میں ہے۔

’’مجرموں کے لیے نرم رویہ اختیار نہیں کر سکتے‘‘

وہیں، جے ڈی یو کے ایم ایل اے ونے چودھری نے آر جے ڈی ایم ایل اے کی طرف سے لاء اینڈ آرڈر کو لے کر ’کالا کپڑا‘ پہن کر احتجاج کرنے پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ایسے لوگوں کو اب اپنے منہ پر بھی کالکھ پوت لینی چاہئے، کیونکہ انہیں ریاست کے امن و امان پر سوالیہ نشان لگانے کا کوئی اخلاقی حق نہیں ہے۔ جہاں تک امن و امان کا تعلق ہے، ہماری حکومت ہر روز مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ ہم کسی بھی قسم کی مجرمانہ سرگرمیوں کو اپنی ریاست میں برداشت نہیں کر سکتے۔ یہ قطعی طور پر ناقابل قبول ہے۔ ہم مجرموں کے خلاف کارروائی کے دوران کسی بھی قسم کا نرم رویہ اختیار نہیں کر سکتے۔‘‘

’’ہماری پولیس نے آرا میں مڈبھیڑ کو انجام دیا‘‘

انہوں نے کہا، ’’ہماری حکومت مجرموں کے خلاف کارروائی کرنے میں بالکل بھی پیچھے نہیں ہے۔ ہماری پولیس نے ابھی آرا میں بھی مڈبھیڑ کو انجام دیا ہے۔ جہاں تک آر جے ڈی کی حکمرانی کا تعلق ہے تو پورا بہار واقف ہے۔ پورا بہار جانتا ہے کہ کس طرح مجرمو آر جے ڈی کے دور حکومت میں کھلے عام لا اینڈ آرڈر کی دھجیاں اڑایا کرتے تھے۔‘‘

’’بہار میں مجرموں کے لیے کوئی جگہ نہیں‘‘

جے ڈی یو ایم ایل اے ہری بھوشن ٹھاکر نے آر جے ڈی ایم ایل اے کے لا اینڈ آرڈر پر احتجاج پر کہا کہ ان لوگوں کے پاس کوئی مدعا نہیں ہے۔ یہ لوگ اب مایوس اور نا امید ہو چکے ہیں۔ آنے والے انتخابات میں بہار کی عوام ان لوگوں کے منہ پر کالکھ پوتے گی۔ ’آپریشن لنگڑا‘ پر انہوں نے کہا کہ بہار میں مجرموں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ اگر کوئی مجرم کسی بھی سرگرمی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف یقینی طور پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

بھارت ایکسپریس۔



بھارت ایکسپریس اردو، ہندوستان میں اردوکی بڑی نیوزویب سائٹس میں سے ایک ہے۔ آپ قومی، بین الاقوامی، علاقائی، اسپورٹس اور انٹرٹینمنٹ سے متعلق تازہ ترین خبروں اورعمدہ مواد کے لئے ہماری ویب سائٹ دیکھ سکتے ہیں۔ ویب سائٹ کی تمام خبریں فیس بک اورایکس (ٹوئٹر) پربھی شیئر کی جاتی ہیں۔ برائے مہربانی فیس بک (bharatexpressurdu@) اورایکس (bharatxpresurdu@) پرہمیں فالواورلائک کریں۔ بھارت ایکسپریس اردو یوٹیوب پربھی موجود ہے۔ آپ ہمارا یوٹیوب چینل (bharatexpressurdu@) سبسکرائب، لائک اور شیئر کرسکتے ہیں۔

Also Read